سندھ ہائیکورٹ،سینیٹر راحیلہ مگسی کیخلاف اینٹی کرپشن کی انکوائری کا معاملہ،

پیش رفت رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت برہم اینٹی کرپشن کمیٹی کا اجلاس چیف سیکرٹری کی زیر صدارت 6ماہ میں ایک بار منعقد ہوتا ہے،کئی ماہ سے اینٹی کرپشن کمیٹی کا اجلاس ہی نہیں ہوا، ایڈیشنل ایڈووکٹ جنرل مہینے تک اینٹی کرپشن کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوگا تو درخواست گزار رلتی رہے، چیف سیکرٹری سندھ کو پیغام پہنچادیں، جلد کارروائی مکمل کریں ورنہ سخت حکم نامہ جاری کیا جائیگا، جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو

جمعہ 17 نومبر 2017 16:51

سندھ ہائیکورٹ،سینیٹر راحیلہ مگسی کیخلاف اینٹی کرپشن کی انکوائری کا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے مسلم لیگ(ن) کی سینیٹر راحیلہ مگسی کے خلاف اینٹی کرپشن انکوائری میں پیش رفت رپورٹ پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو مسلم لیگ(ن) کی سینیٹر راحیلہ مگسی کے خلاف اینٹی کرپشن انکوائری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

مسلم لیگ( ن) کی سینیٹر راحیلہ مگسی کے خلاف پیش رفت رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت برہم ہوگئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ اینٹی کرپشن کمیٹی کا اجلاس چیف سیکرٹری کی زیر صدارت 6 ماہ میں ایک بار منعقد ہوتا ہے۔ اینٹی کرپشن کمیٹی ہی کرپشن کے مقدمات درج کرنے کی منظوری دیتی ہے۔ کئی ماہ سے اینٹی کرپشن کمیٹی کا اجلاس ہی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریماکس دیئے کہ 6 مہینے تک اینٹی کرپشن کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوگا تو درخواست گزار رلتی رہے۔

چیف سیکرٹری سندھ کو پیغام پہنچادیں، جلد کارروائی مکمل کریں ورنہ سخت حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے راحیلہ مگسی کے خلاف تمام متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن نے ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ راحیلہ مگسی 2005 پانچ میں ٹنڈوالہا یار کی ناظمہ تھیں۔ راحیلہ مگسی نے ضلع میں 74 ایکڑ سرکاری زرعی زمین اپنے بیٹے اور بیٹی کے نام منتقل کی۔

ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے معاملہ اینٹی کرپشن کمیٹی ون کو بھیج دیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں راحیلہ مگسی کے دفتر پر چھاپا مارا گیا۔ راحیلہ مگسی پر سرکاری فنڈز میں کرپشن اور بدعنوانی کا الزام ہے۔ دفتر کا ریکارڈ قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ راحیلہ مگسی نے دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ 10 برس پرانے الزامات کے تحت راحیلہ مگسی کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج گیا۔ پیپلز پارٹی کی ایما پر انتقامی کارروائی کے تحت دو ہزار پانچ کے معاملات کی انکوائری کی جارہی ہے۔ عدالت نے راحیلہ مگسی کی ضمانت میں 22 دسمبر تک توسیع کردی۔