امریکہ پاکستان کا سائنس و ٹیکنالوجی تعاون پروگرام کے تحت محقیقین کیلئے ریسرچ گرانٹس کا اعلان

جمعہ 17 نومبر 2017 16:43

امریکہ پاکستان کا سائنس و ٹیکنالوجی تعاون پروگرام کے تحت محقیقین کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) امریکہ اور پاکستان کی حکومتوں نے امریکی اور پاکستانی محققین کی 14 مشترکہ ٹیموں کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون کی ریسرچ گرانٹس کا اعلان کیا ہے۔ یہ گرانٹس یوایس۔پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی تعاون پروگرام کا حصہ ہیں، جس کے لئے فنڈز امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے مشترکہ طور پر فراہم کئے ہیں۔

جمعہ کو امریکی سفارتخانے کے مطابق اس پروگرام کا انتظام وانصرام امریکہ کی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز ،پاکستان کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے کررہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی میں تحقیق کے لئے گرانٹس کا یہ ساتواں دور ہے۔

(جاری ہے)

ان گرانٹس کے نتیجے میں سامنے آنے والی مشترکہ تحقیق سے دونوں ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں فنی تعاون فروغ پائے گا ۔

مشترکہ فنڈ سے چلنے والا یہ پروگرام پاکستانی سائنسدانوں اور اداروں اور ان کے امریکی ہم منصبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے وضع کیا گیا ہے۔پاکستان میں یو ایس ایڈ کے قائم مقام مشن ڈائریکٹر ٹم ڈونے، نے محققین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے پاکستانی سائنسدانوں ،اداروں اور امریکہ میں ان کے ہم منصب سائنسدانوں اور اداروں کے درمیان تعاون فروغ اور وسعت پائے گا۔