شہر و کینٹ کے متعدد علاقوں میں گیس پریشرمیں کمی سے شہریوں کو مشکلات

جمعہ 17 نومبر 2017 16:41

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) شہر و کینٹ کے متعدد علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ٹنچ بھاٹہ ،پیپلز کالونی ،خیابان میراں بخش آبادی نمبر 2،3، ظہور کار پارکنگ سے ملحقہ گلیوں، فیصل کالونی، راحت کالونی، ڈھیری حسن آباد، ڈھوک سیداں کے، صادق آباد مکینوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ گذشتہ روز ان علاقوں میں گیس پریشر زیرو ہوگیا جس کی وجہ سے مکینوں کے لئے کھانا بنانا بھی مشکل ہو گیا ہے اور تندوروں پر لمبی لائنیں لگ گئیں ۔

اڈیالہ روڈ کے دونوں اطراف ڈھوک کلہور، ڈھوک جمعہ ، مبارک لین، شکریال ،ٹاہلی موہری ،ڈھوک سیداں ،کالج روڈ ، وارث خان ، راجا بازار ، بنی ، لالہ رخ کالونی چکری روڈ ،نیازی محلہ بہار کالونی ،لکھن ،صادق آباد ،اشرف کالونی ،دھمیال کے علاقوں میں بھی گیس کے کم پریشر کی شکایات سامنے آئیں ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے بتایا کہ قبل ازیں حالیہ سیزن میں ایس این جی پی ایل ریجنل آفس راولپنڈی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی بدولت گیس پریشر کی صورتحال میں قابل قدر بہتری ہوئی تھی تاھم گذشتہ چند یوم سے بارش ہونے کے بعد اچانک گیس پریشر میں شدید کمی واقع ہو گئی جس پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ۔

دوسری جانب قائد اعظم کالونی ،دھمیال کیمپ،لالہ رخ کالونی ،اشرف کالونی ،خالد کالونی اور بنک کالونی سمیت دیگر علاقوں کے مکینوں نے گیس پریشر میں کمی کی شکایات حل نہ ہونے پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے تاھم محکمہ سوئی گیس نے اس بارے میں تاحال کسی قسم کی وضاحت جاری نہیں کی مکینوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ سوئی گیس ریجنل آفس راولپنڈی مبینہ طور پراچانک گیس پریشر میں دانستہ کمی کرتا ہے ۔محکمہ سوئی گیس حکام نے اس ضمن میں بتایاکہ گیس پریشر میں کمی طلب میں یکدم اضافے کی بدولت ہوئی تاھم محکمہ گیس صارفین کو سہولیات کی بہم رسانی کے لیے کوشاں ہے ۔

متعلقہ عنوان :