معروف روحانی پیشواء شہنشاہ قابل و کشمیر حضرت سائیں مٹھا بابا سرکارؒ96 واں عرس مبارک اختتام پذیر

جمعہ 17 نومبر 2017 16:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2017ء) معروف روحانی پیشواء شہنشاہ قابل و کشمیر حضرت سائیں مٹھا بابا سرکارؒ96 واں عرس مبارک عین لائن آف کنٹرول پر واقع دربار شریف تریڈا وادی لیپہ کرناہ میں 11 نومبر کو شروع ہوکر گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گیا ۔

(جاری ہے)

عرس شریف کی تقریبات میں پاکستان ، آزاد کشمیر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین زائرین نے دربار عالیہ پر حاضری دی جبکہ جید علمائے کرام ، مشائخ عظام ، مداح خوان مصطفی نے عرس کی روحانی ایمان افروز محافل احکام الہٰی ،سنت رسولﷺپر مواعظ حسنہ بیان کیے اور ثناء خواں حضرات نے حمد ونعت کے نذرانے پیش کئے ،اختتامی دعا سجادہ نشین دربار عالیہ سائیں مٹھا سرکار الحاج میاں محمد یونس جلالوی سرکار نے کی جس میں پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے رہنما شوکت جاوید میر ، سینئر صحافی اقبال میر ،مقامی صحافی رضوان اعوان ،توقیر الزماں، دانیال قریشی ، قمر نواز ، مبشر احمد،طارق شیخ کے علاوہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ،اختتامی دعائیہ تقریب کے الگ الگ اجتماعات سے صاحبزادہ میاں منظور کاشف، صاحبزادہ میاں اسحاق ظفر ،صاحبزادہ میاں غفور ، صاحبزادہ میاں آفاق ،صاحبزادہ میاں یوسف مٹھوی ، صاحبزادہ میاں سعدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریعت حاکمہ اور طریقت خادمہ کے مطابق روحانی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے اس سے قبل پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید نے کہا کہ اللہ کی ذات وحدہ ھو لاء شریک اور محمد اللہ کے آخری نبی ہیں،اولیاء اللہ ذکر خدا اور ورد رسول کی اشاعت کے مبلغ ہیں جن پر اللہ نے راضی ہو کر ان کی دنیا اور عاقبت دونوں کو اپنے رسول کا قرب عطاء کر کے اپنے خصوصی انعام سے نواز رکھا ہے ،سجادہ نشین الحاج میاں محمد یونس جلالوی سرکار نے پاکستان کی سلامتی ، کشمیر کی آزادی ، امت مسلمہ کے اتحاد اور معاشرے پر اجتماعی خیر و برکت ، اللہ کی خصوصی رحمت کے علاوہ انفرادی طور پر بھی مختلف افراد کے لئے دعائیں کیں۔

۔