آسٹریلیا کا انگلینڈ کے خلاف پہلے ایشز ٹیسٹ کیلئے سکواڈ کا اعلان، ٹم پین کی 7 برس بعد واپسی، کیمرون بنکرافٹ اور شان مارش بھی سکواڈ میں شامل، میکسویل، میتھیو ویڈ اور میٹ رینشا ڈراپ

جمعہ 17 نومبر 2017 16:12

سڈنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف شیڈول ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا، وکٹ کیپر ٹم پین کی 7 برس بعد دوبارہ واپسی ہوئی ہے، کیمرون بنکرافٹ اور شان مارش کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ گلین میکسویل، میتھیو ویڈ اور میٹ رینشا سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 23 نومبر کو برسبین میں شروع ہو گا، انگلش ٹیم سیریز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی سلیکٹرز کے مطابق انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے مضبوط اور متوازن سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے، امید ہے کہ کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلا کر اپنی سلیکشن کو درست ثابت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سائوتھ آسٹریلیا کے سوئنگ بائولر چیڈ سیئرز کو بھی تیرہ رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اعلان کردہ سکواڈ کپتان سٹیون سمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر، کیمرون بنکرافٹ، عثمان خواجہ، پیٹر ہینڈزکامب، شان مارش، ٹم پین، مچل سٹارک، پیٹ کمنز، نیتھن لیون، جوش ہیزلووڈ، جیکسن برڈ اور چیڈ سیئرز پر مشتمل ہے۔