وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم کی ملاقات، تحریک آزاد ی کشمیر، آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی اور تارکین وطن کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال

سجاد کریم کشمیریوں کے سفیر ہیں،یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے انہوں نے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں،راجہ محمد فاروق حیدر

جمعہ 17 نومبر 2017 16:12

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم کی ملاقات، تحریک آزاد ی کشمیر، آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی اور تارکین وطن کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال، اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے ممبر یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ سجاد کریم کشمیریوں کے سفیر ہیں۔ خاص طور پر یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے انہوں نے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ حکومت آزاد کشمیر اور سارے کشمیری ان کی خدمات و کردار کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر ویک کا انعقاد سجاد کریم اور ان کی ٹیم کا بڑا کارنامہ ہے۔

کشمیر ویک کی میزبانی سجاد کریم نے احسن انداز میں نبھائی۔ سجاد کریم سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر حکومت آزاد کشمیر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکومت آزاد کشمیر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے آزاد کشمیر کی تام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی مشاورت سے ایک جاندار لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

مسئلہ کشمیر اور کشمیر پر آزاد کشمیر کی ساری قیادت اور عوام کا ہی موقف ہے جو آل پارٹیز حریت کانفرنس کا ہے۔ اس موقع پر ممبر یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی طرف سے تحریک آزادی کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے جاندار اقدامات کو سراہا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر دونوں شخصیات نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت اور اس کی قابض فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو یورپ سمیت دنیا بھر میں بے نقاب کرنے اوراقوام متحدہ کی قراردادوںکے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔