کیرتھر کینال سے نایاب نسل کی 2بلائنڈ ڈولفن کو بچا لیا گیا

جمعہ 17 نومبر 2017 16:12

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء)سکھر بیراج سے نکلنے والی کیر تھر کینال میں ریسکیو آپریشن کرکے نایاب نسل کی 2 بلائنڈ ڈولفن کو بچا لیا گیا ۔ریسکیو آپریشن کے دوران سکھر بیراج سے کیر تھر کینال میں پانی کی سطح کو کم کیا گیا ،ْ دونوں بلائنڈ ڈولفن مادہ ہیں اور ان کی لمبائی 7فٹ اور وزن 100کلو سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن سے قبل کیر تھر کینال میں جال لگایا اور کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ،ْ اس دوران بیراج سے گزرنے والی ٹریفک اور لوگ بڑی تعداد میں کینال کے ارد گرد جمع ہوگئے جنہوں نے ریسکیو آپریشن دیکھا۔

ڈولفن ریسکیو سینٹر کے عملے نے دونوں بلائنڈ ڈولفن کو مرحلہ وار دریائے سندھ میں سکھر بیراج کے مقام پر چھوڑ دیا۔انچارج ریسکیو سینٹر سکھر میر اختر تالپور کے مطابق دریا میں پانی کی سطح کم ہونے پر جب دریا اور کینالوں کا پانی ایک سطح پر آجاتا ہے تو اس وقت یہ بلائنڈ ڈولفن خوراک کی تلاش میں کینالوں کی طرف چلی جاتی ہیں۔