اسلام آباد کے سرکاری دفاتر میں معذور افراد کو سہولتیں فراہم کرنے کا بل جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا

وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی قومی اسمبلی اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو

جمعہ 17 نومبر 2017 15:59

اسلام آباد کے سرکاری دفاتر میں معذور افراد کو سہولتیں فراہم کرنے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سرکاری دفاتر میں معذور افراد کیلئے راستہ بنانے اور ان کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے بل جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے کشور زہرہ نے کہا کہ ملک میں کی گئی حالیہ مردم شماری میں معذور افراد کی تعداد کم ظاہر کی گئی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان میں معذور افراد کے حوالے سے پیش کئے جانے والے اعداد و شمار اس سے مختلف ہیں، مردم شماری میں 0.48فیصد معذور افراد کی آبادی ظاہر کی گئی ہے، عالمی تنظیمیںمختلف اعداد و شمار پیش کر رہی ہیں، معاملہ کا حکومت جائزہ لے۔

طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد میں سرکاری اداروں میں معذور افراد کیلئے وہیل چیئرز کا راستہ بنانے کیلئے بل سیکرٹریٹ میں جمع کرایا ہوا ہے، ایجنڈے پر لایا جائے۔ وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت بل کی حمایت کرتی ہے،حکومت بھی اس طرح کا بل تیار کر رہی ہے، مشترکہ بل تیار کر کے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔