قومی اسمبلی میں وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن کا احتجاج ،

اجلاس سے واک آئوٹ، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی

جمعہ 17 نومبر 2017 15:59

قومی اسمبلی میں وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن کا احتجاج ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے اجلاس سے واک آئوٹ کیا، کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں انڈس ریو سسٹم اتھارٹی (ارسا)کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اعلان کے مطابق 36فیصد پانی کی کمی کے حوالے سے یوسف تالپور، شازیہ مری، نوید قمر اور ڈاکٹر عذرافضل پیچوہو کی جانب سے پیش کئے گئے توجہ دلائو نوٹس پر جواب کیلئے وزارت آبی وسائل کے وزیر کے ایوان میں عدم موجودگی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ توجہ دلائو نوٹس پر متعلقہ وزیر سمیت کوئی بھی وزیر ایوان میں نہیں ہے، وزراء اور حکومت کا رویہ افسوسناک ہے، معاملہ پر پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کے تمام ارکان نے ایوان سے علامتی واک آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے کورم کی نشاندہی کی جس پر اجلاس کچھ دیر کیلئے ملتوی کیا گیا۔ بعد ازاں پریزائیڈنگ آفیسر محمود بشیر ورک اجلاس کا دوبارہ آغاز کرنے کیلئے گنتی کا حکم دیا لیکن کورم پورا نہیں ہوا جس پر قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 4بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت ایوان سے حکومتی بینچوں اور زراء کی حاضری کو یقینی بنائے۔