راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سڑک کے بیچوں بیچ پڑے کوڑا دان حادثات اور ٹریفک جام کا سبب بننے لگے

جمعہ 17 نومبر 2017 15:54

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سڑک کے بیچوں بیچ پڑے کوڑا دان حادثات اور ٹریفک جام کا سبب بننے لگے،راولپنڈی شہرو ملحقہ یو سیز میں صفائی کی ذمہ دار نجی کمپنی البائراک کی جانب سے مختلف سڑکوں پر رکھوائے گئے کوڑا دان عدم دیکھ بھال کی وجہ سے ٹریفک روانی میں رکاوٹ اور حادثات کا سبب بننے لگے ،ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی کا فون اٹینڈ کرنے سے گریز،صورتحال گھمبیر ہو گئی ۔

یونین کونسل 86,87 88 ,89 90 کے رہائشیوں اکبر ،سجاد، غضنفر،غفار خان و دیگر نے بتایاکہ البائراک نے مختلف یو سیز میں صفائی کا مثالی نظام قائم کیاہے تاھم کوڑے کو اکٹھا کرنے کے لیے مختلف یو سیز میں سڑک پر رکھوائے گئے کوڑا دان سڑک کے درمیان پڑے رہتے ہیں جہاں سے کمپیکٹر کے ذریعے انہیں خالی کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کوڑے دانوں کو سڑک کے سائیڈ پر رکھنے کی واضح ہدایات کے باوجود عملہ صفائی انہیں خالی کرنے کے بعد سڑک کے وسط میں ہی رہنے دیتا ہے اور وہاں سے ہٹانے کی زحمت گوارا نہیں کرتا جس کی وجہ سے ٹریفک روانی بری طرح متاثر ہو تی ہے جبکہ سڑک کے درمیان پڑے ان کوڑے دانوں کے باعث رات کے اوقات میں متعدد حادثات بھی رونماء ہو چکے ہیں ۔

شہریوں نے مطالبہ کیاکہ عملہ صفائی کو پابند کیاجائے کہ ان کوڑے دانوں کو مخصوص حد سے آگے نہ رکھا جائے ۔اس ضمن میں ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی رضوان شیر دل سے متعدد بار رابطہ کیا گیا تاھم موصوف نے فون اٹینڈ نہیں کیا ۔دیگر متعدد یوسیز کے مکینوں نے بھی اسی طرح کی شکایات کا اظہار کیاہے اور بتایاکہ گذشتہ شب بھی چکری روڈ پر ان کوڑے دانوں کی وجہ سے حادثات ہوئے لہذا یہ کوڑے دان مخصوص حد تک رکھنے کی ہدایات پر عمل کیاجانا چاہیے۔شہریوں نے مزید بتایاکہ یہ کوڑے دان شہری و دیہی یوسیز میں یکساں نقصان کا باعث بن رہے ہیں جس کے بارے میں ٹھوس اقدامات ضروری ہیں ۔

متعلقہ عنوان :