چونیاں، بیوہ خاتون پر وحشیانہ تشدد اور گھر کی دیوار گرانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

جمعہ 17 نومبر 2017 15:49

چونیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء)خبروں کی اشاعت کے بعد بیوہ خاتون پر وحشیانہ تشدد اور گھر کی دیوار گرانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تحصیل پتوکی کے علاقے پھولنگر کی رہائشی کلثوم اختر زوجہ محمد اشرف مرحوم کی ملکیتی زمین پر سیاسی اثرورسوخ کی بناء پر ملزمان صداقت،آصف، عامر،یاسر اورجنید وغیرہ نے پلاٹ پر اینٹیں اور مٹی ڈلوا کر قبضہ کرلیا۔

بعد ازاں کیس کی پیروی سے باز رکھنے کیلئے بااثر افراد نے بیوہ کے گھر گھس کرخواتین پر تشددکرتے ہوئے صحن کی دیوار گرادی اور بڑھکیں مارتے ہوئے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا یا۔ متاثرہ خاتون کی جانب سے دی گئی درخواست پرتھانہ سٹی کے ایس ایچ او نے ملزمان کیخلاف قانونی کاروائی کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے بیوہ خاتون کو کہا کہ آپ گرائی گئی دیوار دوبارہ کرلیں خرچہ میں دے دوں گا۔

(جاری ہے)

اس ظلم ، زیادتی اور نا انصافی کی خبر اخبارات میں شائع ہوئی جس پر ڈی ایس پی پتوکی محمد سلیم نیازی نے خود موقع پر جا کر تفتیش کی تووقوعہ سچ ثابت ہوا جس پر پھولنگر پولیس نے ملزمان کے خلاف ڈی ایس پی کے حکم پر مقدمہ درج کر لیا۔۔ڈی ایس پی پتوکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا انہوں نے مقدمہ کے تفتیشی آفیسر عباس کو ہدایت کی ہے کہ نامزد ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کر کے چالان عدالت میں پیش کیا جائے۔

ہیومن رائٹس کمیٹی تحصیل پتوکی کے صدر ندیم رضا خاں ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں بیوہ خاتون پر تشدد اور گھر کی چار دیواری گرائے جانے کے واقع کی شدید مذمت کرتے ہوئے زمہ دارافراد کے خلاف کاروائی اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔