چترال، پرانا دروش بازار میں خوفناک آتشزدگی ،60دکانیں ،تین گھر جل کر خاکستر

جمعہ 17 نومبر 2017 15:49

چترال، پرانا دروش بازار میں خوفناک آتشزدگی ،60دکانیں ،تین گھر جل کر ..
چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پرانا دروش بازار میں خوفناک آتشزدگی سے 60دکانیں اور تین گھر جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ خسارے کا ابتدائی اندازہ 40کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔ دکانوںمیں 7آٹواسٹور، 21ورکشاپ، 26 لنڈے کی دوکانیں، 3 گھر اور جنرل اسٹور شامل تھے ۔

(جاری ہے)

چترال سکائوٹس چترال پولیس کے جوانوںاورآگ بجھانے والے رضاکاروں نے جانفشانی سے کام کرکے آگ کا رخ رہائشی گھروںکی طرف ہونے سے روک دیاجس سے دروش بازار اور ملحقہ رہائشی آبادی ایک ممکنہ تباہی سے بچ گئی ۔

آتشزدگی کے وجوہات کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی لیکن مبینہ طور پر آگ سب سے پہلے ایک کباڑی کے دکان میں لگ گئی جس کے بعد ایک گاڑی میں آگ لگنے سے ٹنکی پھٹ گئی اور آگ کوچاروں طرف پھیلادی ۔ تاہم اس واقعے میں تخریب کاری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ دروش بازار میں آتشزدگی کے متاثریں کا ذریعہ معاش تباہ ہوکر رہ گئی ہے۔دروش پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔