محکمہ مال کے اہلکاروں کے ہاتھ کی صفائی،غیر ریاستی شخص کو مظفرآباد شہر میں اراضی الاٹ کر دی

جمعہ 17 نومبر 2017 15:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) محکمہ مال کے اہلکاروں کے ہاتھ کی صفائی،غیر ریاستی شخص کو مظفرآباد شہر میں اراضی الاٹ کر دی گئی۔سٹیٹ سبجیکٹ رولز نظر انداز،تحصیل گلستان ضلع قلعہ عبداللہ (بلوجستان)پاکستان کے رہائشی سید جان محمد ولد سید ریز محمد ساکنہ کلی متدوزئی سیدان تحصیل گلستان کے رہائشی سید جان محمد کو محکمہ مال آزاد کشمیر کے اہلکاران نے اراضی نمبر خسرہ حال 272تعدادی 19مرلے سے تعدادی 12مرلے 6سرساہی واقع موضع گلشن پیر علائوالدین تحصیل وضلع مظفرآباد کے نام بطور بے نامی منتقل کر دی گئی۔

جبکہ اسی خسرہ نمبر سے دوس محمد ولد ریز محمد کو بھی 6مرلہ اراضی منتقل کی گئی ہے۔مذکوریان نہ تو ریاست کا باشندہ ہے اور نہ ہی ان کے پاس درجہ دوئم وسوئم کا پشتینی سرٹیفکیٹ ہے مذکوریان نے جعل سازی سے محکمہ مال کے تحصیلدار گرداور اور پٹواری کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے جعلی کاغذات مرتب کر کے سینئر سول جج مظفرآباد سے اپنے حق میں 16-05-2013کو فیصلہ بھی صادر کروا رکھا ہے مذکوریان کے پاکستانی شہری ہونے کی تصدیق اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن تحصیل گلستان ضلع قلعہ عبداللہ جبکہ لوکل سرٹیفکیٹ جاری کردہ 21فروری 2000؁ء میں مذکوریان بلوچستان پاکستان کے شہری ہیں۔

(جاری ہے)

شہریان مظفرآباد نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد سے اس جعل سازی ریکارڈ میں توڑ پھوڑ،غیر ریاستی باشندوں کو اراضی کی الاٹمنٹ کیے جانے کا نوٹس لینے اور ملوث اہلکاران کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔