سوڈان کے صدر عمر البشیر حکمراں جماعت کے ایک لیڈر کو آیندہ صدر بنانے کو تیار

جمعہ 17 نومبر 2017 15:43

ْخرطوم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء)سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر نے حکمراں جماعت کے ایک لیڈر کو 2020 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار میدان میں لانے کی حمایت کردی ۔انھوں نے گزشتہ روز ایک نشری تقریر میں کہا ہے کہ اگر ریاست کے شہری گورنر محمد طاہر ایلا کو آیندہ صدارتی انتخابات میں صدر کے عہدے کے لیے بہ طور امیدوار نامزد کرتے ہیں تو میں اس کی حمایت کروں گا۔

انھوں نے یہ بھی اقرار کیا ہے کہ سوڈان مطلوبہ ترقی حاصل نہیں کرسکا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بعض سیاسی لیڈروں کے باہمی تنازعات اور ان کی ترقی کے عمل میں عدم دلچسپی کو اس ناکامی کا ذمے دار ٹھہرایا ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ گورنر کا ان کی کام سے لگن کی وجہ سے انتخاب کریں گے تاکہ وہ سامنے آئیں اور شہر ی خدمات کے منصوبوں کو پایہ تکمیل کو پہنچائیں۔انھوں نے بہ ذات خود بھی آب رسانی اور نکاسیِ آب کے منصوبوں پر کام کا وعدہ کیا ہے۔صدر عمر البشیر نے گذشتہ ہفتے بھی اپنے ان سابقہ وعدوں کا اعادہ کیا تھا کہ وہ 2020 میں اپنی دوسری مدت ِصدارت ختم ہونے کے بعد سبکدوش ہوجائیں گے اور پرامن انتقال اقتدار کے عمل کے ذریعے حکومت اپنے جانشین صدر کے سپرد کردیں گے۔