کراچی ،ْ بدنام ترین کار لفٹر گروہ کا سرغنہ میئر کراچی کا سابق ڈرائیور نکلا

ملزم گلشن گوپانگ 2009 سے 2013 تک وسیم اختر کا ڈرائیور تھا۔ ملزم نے 15 سے زائد گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے، تفتیشی رپورٹ

جمعہ 17 نومبر 2017 15:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) کراچی کے بدنام ترین کار لفٹر گروہ کا سرغنہ میئر کراچی وسیم اختر کا سابق ڈرائیور نکلا، ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شہریوں کو لاکھوں روپے کی گاڑیوں سے محروم کرنے والے کار لفٹر گروہ کا سرغنہ میئر کراچی وسیم اختر کا سابق ڈرائیور نکلا۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم گلشن گوپانگ نے 2009 سی2013 تک وسیم اخترکے پاس بطور ڈرائیور نوکری کی۔ نوکری چھوڑنے کے بعد ملزم نیاپنا گروہ بنالیااور گاڑیاں چوری کرنے لگا ۔ ملزم نے 15 سے زائد گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ملزم نے بتایا کہ اس کے گروہ میں امان اللہ، مصطفی اور حسین نامی ملزم شامل ہیں جبکہ ملزم کا ایک ساتھی ایاز دو سال پہلے پنجاب پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں مارا جا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ گاڑی چوری کرنے کے لئے پوش اور سنسنان علاقوں کا انتخاب کیا جاتا تھا ملزم نے بتایاکہ ایک گاڑی چوری کرنے پر گروہ کے ہر کارندے کو 20 سے 80 ہزار روپے تک ملتے تھے ۔ ملزم نے یہ بھی بتایا کہ کراچی سے چھینی یا چوری کی گئی گاڑیاں اندرون سندھ حاجی نامی شخص کو فروخت کی جاتی ہیں۔ گلشن گوپانگ کا ساتھی امان اللہ گاڑی سے ٹریکر کاٹنے کا ایکسپرٹ تھا ۔ گلشن گوپانگ پر گاڑیاں چوری کرنے کے چار مقدمات درج ہیں ۔ پولیس نے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :