کراچی کے عوام کے ساتھ مزید ناانصافی نہیں ہونے دوں گا، وزیراعلی سندھ

جمعہ 17 نومبر 2017 15:33

کراچی کے عوام کے ساتھ مزید ناانصافی نہیں ہونے دوں گا، وزیراعلی سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ریلوے کی زمین سندھ حکومت کی ہے اور اس پر پہلا حق کراچی کے عوام کا ہے، کراچی کی عوام نے بہت دھوکے کھائے اب مزید ناانصافی نہیں ہونے دوں گا۔جمعہ کو وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سی پیک کی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی)کی تیاری سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ ریلوے حکام کراچی سرکولر ریلوی(کے سی آر) کے لئے زمین نہیں دینا چاہتے۔

(جاری ہے)

اس پر وزیراعلی سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی زمین سندھ حکومت کی ہے اس پر پہلا حق کراچی کے عوام کا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ریلوے حکام کراچی سرکولر ریلوے میں مسائل پیدا کررہے ہیں اور منصوبے میں رکاوٹ بن گئے ہیں، کراچی کے عوام نے بڑے دھوکے کھائے ہیں لیکن اب میں ان کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہونے دوں گا، اگر کے سی آر منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا تو اس کی جوابدہی ریلوے اور وفاقی حکومت پر ہوگی۔ انہوں نے کہا 21 نومبر کو جے سی سی کے اجلاس میں فریم ورک معاہدے پر دستخط ہونے چاہئیں، اس کے بعد وزیراعظم سے بات کروں گا۔