کراچی: گلشن اقبال میں کار پر فائرنگ،

2 بھائی زخمی واقعہ ڈکیتی مزاحمت تھا یا جھگڑا تفتیش جاری ہے،جائے وقوع سے دو متاثرہ گاڑیاں ملی ہیں جن کے شیشے مختلف چیزوں کی ضرب سے ٹوٹے ہوئے ہیں، پولیس

جمعہ 17 نومبر 2017 15:27

کراچی: گلشن اقبال میں کار پر فائرنگ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) کراچی کے علاقے حسن اسکوئر پر فائرنگ سے دو سگے بھائی زخمی ہوگئے، واقعہ ڈکیتی مزاحمت تھا یا جھگڑا پولیس کی تفتیش جاری ہے۔پولیس کو جائے وقوع سے دو متاثرہ گاڑیاں ملی ہیں جن کے شیشے مختلف چیزوں کی ضرب سے ٹوٹے ہوئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق یونی ورسٹی روڈ پر حسن اسکوئر کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2سگے بھائی اسماعیل اور سہیل زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا یا جھگڑے کے دوران اس سے متعلق تحقیقات کی جارہی ۔ذرائع کے مطابق فائرنگ گاڑی میں سوار افراد کی جانب سے کی گئی، علاقہ مکینوں کے مطابق سفید رنگ کی ہنڈا گاڑی کو تیزرفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا اور ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی۔

(جاری ہے)

حادثے کاشکار گاڑی کو دیکھ کر کچھ لوگ گاڑی کی طرف لوٹنے یا مدد کرنے کی نیت سے آئے جبکہ حادثے کا شکار گاڑی کی مدد کے لیے دوسری گاڑی بھی موقع پر پہنچ گئی۔

اسی دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور سہیل اور اسماعیل زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلیے ابتدا میں جناح اسپتال اور پھر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیا جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ادھر گاڑیوں پر گولی کا کوئی نشان موجود نہیں صرف ڈنڈے اور پتھروں کے نشانات ہیں جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔پولیس نے جائے حادثہ پر موجود دونوں گاڑیوں کوتحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے اور تفتیش کا دائر کار بڑھاتے ہوئے گاڑی مالکان کی تلاش شروع کردی ہے۔