کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ ریلوے حکام اور وفاقی حکومت کی غفلت کے باعث تاخیر کا شکار بنا تو ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہوگی،وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 17 نومبر 2017 15:13

کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ ریلوے حکام اور وفاقی حکومت کی غفلت کے باعث ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ ریلوے حکام اور وفاقی حکومت کی غفلت کے باعث تاخیر کا شکار بنا تو ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہوگی،ریلوے کی زمین سندھ حکومت کی ہے اور اس پر پہلا حق کراچی کی عوام کا ہے۔ عوام نے بہت دھوکے کھا لیے اب مزید دھوکے نہیں کھانے دوں گا۔

یہ بات انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ 21 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی سی پیک منصوبے کی جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی(جے سی سی)کی تیاری کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکرٹری رضوان میمن، چیئرمین منصوبابندی و ترقی محمد وسیم، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت، سیکرٹری توانائی آغا واصف، سیکرٹری ٹرانسپورٹ سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کے سی آر منصوبے کی تاخیر سمیت محکمہ ریلوے کی شکایتوں سے متعلق بات چیت کی گئی ۔ وزیراعلی سندھ کو اجلاس میں بتایا گیا کہ کے سی آر منصوبے کے لیے ریلوے حکام ایک حصہ نہیں دینا چاہتے، منصوبے میں رکاوٹیں ڈال کر مسائل پیدا کیے جارہے ہیں۔ جس پر وزیراعلی سندھ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں رکاوٹیں پیدا کرکے سندھ کی خودمختیاری سے نہ کھیلا جائے، ریلوے کی زمین سندھ حکومت کی ہیاگر کے سی آرمنصوبہ تاخیر کا شکار ہوا تو اس کی جوابداری ریلوے اور وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کے ساتھ نا انصافی ہرگز ہونے نہیں دوں گا، ریلوے کی زمین پر پہلا حق کراچی کے عوام کا ہے، کراچی کی عوام نے بڑے دھوکے کھائے ہیں، اب میں انکو کوئی دھوکا دینے نہیں دوں گا۔انہوں نے کہا کہ 21نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی(جے سی سی)اجلاس کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہونے چاہیں،انہوں نے متعلقہ مسئلے پراجلاس کے بعد وزیراعظم سے خود بات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون منصوبہ کی زمین ٹرانسفر ہو رہی ہے، عنقریب کام مکمل ہونے کو ہے اورکیٹی بندر منصوبہ کی فزیبلٹی ایڈوانس اسٹیج پر ہے۔ جس پر وزیراعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کیٹی بندر کی فزیبلٹی جلد چینی حکام کو بھیجی جائے۔

متعلقہ عنوان :