پاک بھارت تعلقات اور بات چیت تعطل کا شکار ہے، اعزاز چوہدری

جمعہ 17 نومبر 2017 14:53

پاک بھارت تعلقات اور بات چیت تعطل کا شکار ہے، اعزاز چوہدری
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2017ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات اور بات چیت تعطل کا شکار ہے۔ امریکا کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں ’’جنوبی ایشیائ میں سلامتی اور استحکام‘‘کے موضوع پر لیکچر کے دوران اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی کا کوئی میکنزم موجود نہیں اور پورے خطے میں سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ بھارت اور چین کا مسئلہ بھی خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان ہی نہیں بلکہ خطے میں خوشحالی کا سبب بنے گا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاک افغان سرحد کا کنٹرول مشکل کام ہے تاہم پاکستان کی کوششیں جاری ہیں، پاک افغان سرحد کو بہتر طور پر منظم کرنے میں امریکا مدد کرے۔

(جاری ہے)

اعزاز چوہدری نے واضح کیا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل عسکری نہیں سیاسی ہے جب کہ پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی ہے اور بطور ریاست پاکستان انتہا پسندی کا سخت مخالف ہے۔پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران دونوں سے پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کو اپنے مسائل بات چیت سے حل کرنے چاہییں اور اس سلسلے میں پاکستان اپنا کردار ادا کرنیکو تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :