ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا واحد حل کرپشن کا خاتمہ ہے،

بے لاگ احتساب اور شفافیت پر مبنی نظام کی بحالی کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، نیب کی کرپشن کے خلاف کاوشیں قابل ستائش ہیں وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی جاوید اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیب حنا سعید کا بین الجامعاتی اردو تقریری مقابلوں کی تقریب سے خطاب

جمعہ 17 نومبر 2017 14:48

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا واحد حل کرپشن کے عفریت کا خاتمہ ہے ۔ بے لاگ احتساب اور شفافیت پر مبنی نظام کی بحالی کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ نوجوانوں میں کرپشن سمیت تمام معاشرتی برائیوں کے خلاف نفرت کے جذبات ابھار کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، نیب کی کرپشن کے خلاف کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی میں نیب کے زیر اہتمام بین الجامعاتی اُردو تقریری مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کرپشن معاشرے کا ناسور ہے اور ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے یہی وجہ ہے کہ بلا امتیاز احتساب اپنی تمام تر اقسام کے ساتھ معاشرے کے لئے ناگزیر بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

ہم سب کو اپنی حیثیت اور استعداد کے مطابق کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انھوں نے قومی احتساب بیورو کی بد عنوانی کے خلاف موثر کاروائیوں کو سہراتے ہوئے کہا نیب نے کرپشن کے خاتمے اور لوٹی ہوئی قومی دولت کی بر آمدگی کے لئے موثر اقدامات کئے۔ڈپٹی ڈائر یکٹر نیب حنا سعید نے طلباء کو ملک کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کے خلاف جہاد کو اپنی اولین ترجیح بنائیں ۔

انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی شمولیت اور تائید کے بغیر ملکی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ بین الجامعاتی اُردو تقر یری مقابلو ں میں الحمد یونیورسٹی کے آصف محمود ، سردار بہادر خان یونیورسٹی کی شہزادی حنا اور بیوٹمز کی عادلہ بتول نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :