گلگت بلتستان میں صحافی محدود وسائل کے باوجود احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں،میرغضنفرعلی خان

جمعہ 17 نومبر 2017 13:20

گلگت بلتستان میں صحافی محدود وسائل کے باوجود احسن انداز میں اپنی ذمہ ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء)گورنرگلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں میڈیا بہت زیادہ فعال ہو چکا ہے۔صحافت کے شعبے میں تیزی سے ترقی کی وجہ حکومت کی بہترین پالیسیاں ہیں ،گزشتہ سال 12 لاکھ سے زائد سیاح گلگت بلتستان آئے ہیں جو کہ علاقے میں امن و آشتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گورنر سیکرٹریٹ میں پرنسپل انفار میشن آفیسر محمد سلیم بیگ کی قیادت میں ملنے والے وزارت اطلاعات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کو ریاست کے چوتھے ستون کا درجہ حاصل ہے،صحافی ہی خبروں کے ذریعے سے حکومت اور عوام کے در میان پل کا کر دار ادا کرتے ہیں ، مختلف شعبوں کی طرح صحافت کا شعبہ بھی تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے،علاقے میںروزنامہ اور ہفت روزہ اخبارات چھپتے ہیں جس کے ذریعے سے عوام علاقے اور ملک میں رونما ہونے والے حالات و واقعات سے با خبر رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے گلگت بلتستان کے صحافیوں کے ذمہ دارانہ کر دار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحافی محدود وسائل کے بائوجود احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں اور یہاں کے صحافیوں کا ٹیلنٹ ملک کے کسی بھی دوسرے علاقے کے صحافیوں سے کم نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت ہی کم عرصے میں گلگت بلتستان میں صحافت کا شعبہ بام عروج کو پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے بہترین اقدامات کی وجہ سے گلگت بلتستان کو پرامن خطہ قرار دیا گیا ہے۔ لاکھوں سیاح اس علاقے کو دیکھنے کے لئے آتے ہیں اور قدرتی خوبصورتی و عوام کی بے مثال مہمان نوازی سے مانوس ہو کر واپس جاتے ہیں اس موقع پر پرنسپل انفار میشن آفیسر محمد سلیم بیگ نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایت پر گلگت کا دورہ کیا ہے تاکہ یہاں پر صحافیوں سے ملاقات کی جا ئے اور صحافیوں کو در پیش مسائل و مشکلات سے آشنا ہو سکیں انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات صحافیوں کو در پیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور گلگت بلتستان کے صحافیوں کے لئے اسلام آباد میں مختلف قسم کے ٹریننگز کر وائی جائیں گی تاکہ ان کی صحافتی مہارتوں میں مزید نکھار آسکے انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی دورائے نہیں ہیں کہ گلگت بلتستان خوبصورت خطہ ہے اور یہاں کے عوام کی مہمان نوازی کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا شمار ملک کے تیزی سے ترقی کرنے والے علاقوں میں ہوتا ہے۔

اور عوام بھی زیادہ پڑھے لکھے ہیں اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کی ہمشیر ہ کے ایصال و ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔