نوازشریف اور ان کا خاندانتحفظات کے باوجود قانون وآئین کا احترامیں عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں ،برجیس طاہر

جمعہ 17 نومبر 2017 13:20

نوازشریف اور ان کا خاندانتحفظات کے باوجود قانون وآئین کا احترامیں ..
شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محمدنوازشریف اور ان کا خاندان احتساب کے موجودہ عمل پر اپنے شدید تحفظات کے باوجود قانون وآئین کا احترام کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اور اپنے خلاف لگائے ہوئے بے بنیاد الزامات کو غلط ثابت کر نے کے لیے عدالتوں سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج بدقسمتی سے پاکستان کا بچہ بچہ اور عام آدمی احتساب کے اس جانبدانہ عمل کو آسانی سے پہچان چکاہے جہاں صرف اور صرف محمدنوازشریف اور ان کے خاندان کو سیاست سے بے دخل کرنے کے لیے جانبدانہ احتساب کاعمل شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب بھی ملک کسی ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتاہے تو بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے دشمن پاکستان کو ترقی کے راستے سے ڈی ریل کرنے کے لیے سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی سے مخلص محمدنواز شریف جیسا رہنما پاکستان کی ماضی قریب کی تاریخ میں کوئی نہیں ملتا۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی محمدنوازشریف برسراقتدار آئے تو کبھی ایٹمی دھماکوں کی صورت میں پاکستان کو دفاعی لحاظ سے مضبوط بنایا اور کبھی سی پیک جیسے منصوبوں کی صورت میں پاکستان کو مضبوط معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

انہوں نے کہاکہ 2013 میں پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے دشمنوں کو علم تھا کہ اگر محمدنوازشریف کو کام کرنے دیا گیا تو پاکستان کے عوام انتہائی خوشحال اور معاشی لحاظ سے خود کفیل ہو جائیں گے، جس کے باعث عمران خان جیسے سازشی عناصر کا پاکستان کی سیاست سے کردار ختم ہو جائے گا لہذا اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کی خاطر عمران خان جیسے سازشی عناصرنے پاکستان کو معاشی وسیاسی لحاظ سے وہ نقصان پہنچایاہے کہ جس کے اثرات آنے والے کئی سالوں تک محسوس کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ محمدنوازشریف کوسپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں نااہل کرنے سے ان سازشی عناصر کے عزائم کی تکمیل ہوئی ہے جو پاکستان کو معاشی و سیاسی لحاظ سے غیر مستحکم دیکھنا چاہتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کے خلاف سازشوں کا جال بن کر عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ، ان کی سازشوں اور نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف جانبدرانہ احتساب کے عمل سے نوازشریف اور عوام کا رشتہ اور بھی مضبوط ہو ررہاہے جس کی 2018 کے انتخابات میں بھرپور عکاسی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کے عوام تحریک انصاف کی کارکردگی کو مکمل طورپرجانچ چکے ہیں جہاں ڈینگی کے نتیجے میں آئے دنوں جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو چاہیے کہ پنجاب میں جا کر دیکھیں کہ تبدیلی کیسے آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی محض باتیں کرنے ،دھرنے دینے اور سازشیں کرنے کی بجائے دن رات کام کرنے سے آتی ہے جیسے وزیراعلی پنجاب محمدشہباز شریف اور ان کی ٹیم کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ 2018 کے الیکشن میں خیبر پختونخواہ کی عوام پاکستان مسلم لیگ(ن) کو بھرپور مینڈیٹ دیں گے اور اس صوبے میں بھی میگا پروجیکٹس کا جال بچھا کر اس صوبے اور اس کے عوام کی تقدیر بدل دی جائے گی-

متعلقہ عنوان :