ہری پور کے نواحی علاقہ ڈھیری سکندر پور کے رہائشی ایک ہی خاندان کے پانچ معذور بچے مالی امداد کے منتظر

جمعہ 17 نومبر 2017 12:44

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) ہری پور کے نواحی علاقہ ڈھیری سکندر پور کے رہائشی ایک ہی خاندان کے پانچ معذور بچے مالی امداد کے منتظر ہیں۔ محمد اکرم کے بیٹا، بیٹی اور 3 نواسے پیدائشی طور پر اپاہچ ہیں۔ محمد اکرم نے مخیر حضرات اور اداروں سے معذور افراد کی مالی مدد کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور کے نواحی علاقہ ڈھیری سکندر پور کے محلہ فاروق اعظم کے رہائشی محمد اکرم ولد محمد زمان کے گھر میں 5 معذور افراد پرورش پا رہے ہیں۔

ارم بی بی دختر محمداکرم نے صحافیوں کو بتایا کہ اس کا بھائی محمد مظہر جس کی عمر 28 سال ہے اور بہن ثوبیہ بی بی جس کی عمر 32 سال ہے، پیدائشی طور پر معذور اور چلنے پھرنے سے لاچار ہیں۔ وہ خود بی ا ی/ بی ایڈ ہے اور اس کا خاوند کراچی میں ڈرائیونگ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

میاں بیوی صحیح ہیں تاہم ان کے 3 بیٹے محمد صیام عمر 8 سال، اذان علی عمر ساڑھے 5 سال اور حسن علی عمر ساڑھے تین سال پیدائشی طور پر معذور اور چلنے پھرنے سے لاچار ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان معذور افراد پر ماہانہ تیس ہزار روپے اخراجات آتے ہیں، ہر 3 ماہ بعد ان معذور افراد کو چائلڈ نیورو سٹی ہسپتال اسلام آباد میں چیک اپ کیلئے لے جایا جاتا ہے جہاں پر 5 ہزار روپے فیس لی جاتی ہے، ان کی ایک بہن 35 سالہ عائشہ بی بی ہے اور وہ شادی شدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ محدود مالی وسائل کے اندر اپنے اخراجات اور معذور افراد کا علاج معالجہ کروا رہے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات اور مالی امداد کرنے والے نجی و سرکاری اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے گھرانے کے پانچ معذور افراد کے علاج معالجہ اور گذر بسر کیلئے مالی امداد کریں تاکہ وہ باعزت طور پر اپنی زندگی گذار سکیں۔