اسلام آباد ہائی کورٹ کا اسلام آباد انتظامیہ کو کل تک دھرنا ختم کروانے کا حکم- فیض آباد پر تحریک لبیک کا دھرنا 13 ویں روز بھی جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 17 نومبر 2017 12:24

اسلام آباد ہائی کورٹ کا اسلام آباد انتظامیہ کو کل تک دھرنا ختم کروانے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17نومبر۔2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دھرنا ختم کرنے کا حکم نہ ماننے کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ کو کل تک دھرنا ختم کرانے کا حکم جاری کردیا ہے۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ دھرنا ختم کرانے کے لیے ایف سی اور رینجر کی مدد بھی لے سکتی ہے۔ عدالت نے قراردیا کہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ پورے شہر کے حقوق سلب کر لیں۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ ناکام ہو گئی ہے،گزشتہ 10 دن میں انتظامیہ نے کرکٹ کے تماشائی کا کردار ادا کیا ہے۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے مذہبی جماعت کے سربراہ کو دھرنا ختم کرنے کے لیے خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر دھرنا ختم نہ کیا گیا توقانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی کے سنگم فیض آباد پر ایک مذہبی و سیاسی جماعت کا دھرنا 13 ویں روز بھی جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک نے فیض آباد انٹرچینج پر 13 روز سے دھرنا دے رکھا ہے جس میں وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :