ضلع سرگودہا میں قومی انسداد پولیو مہم کے 20سے 22نومبر تک جاری رہے گی

جمعہ 17 نومبر 2017 12:25

ضلع سرگودہا میں قومی انسداد پولیو مہم کے 20سے 22نومبر تک جاری رہے گی
سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) ضلع سرگودہا میں قومی انسداد پولیو مہم کے 20سے 22نومبر تک جاری رہے گی ۔ اس پولیو مہم کے دوران ضلع سرگودہا میں پانچ لاکھ 77ہزار 751بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ۔ انسداد پولیو نیشنل کاز ہے جس کے تدارک کیلئے ہر شہری کو اپنا قومی او راخلاقی فریضہ سرانجام دینے کی ضرورت ہے ۔

انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کی ۔اجلاس میںڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خلاف ا قدامات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے محنت اور دلجمعی سے فرائض سرانجام دیں۔ پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کیلئے سول ڈیفنس کے رضاکاروں کو فرائض سونپ دیئے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کریں گی ۔

(جاری ہے)

یہ تجربہ نہایت کامیاب رہا ۔ مانیٹرنگ کے اس عمل کے دستاویزی ثبوت جمع کر نے کی بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے علماء کرام پر زور دیا کہ و ہ پولیو کے انسداد کیلئے حکومتی کاوشوں کے با رے میں عوام الناس میں وعظ و نصیت کیلئے جمعتہ المبارک کے خطبات میں آگاہی دینے کا ا ہتمام کریں۔ انہوں نے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو اس ضمن میں تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پولیو کے قطرے پلانے میں تعاون نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائیگی جبکہ پولیو قطروں کے پلانے کے انکار پر بچوں کے والدین کے خلاف قانونی کاروائی بھی کی جاسکتی ہے ۔

اجلاس میں سی او ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 20 سے 22نومبر تک انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ لاکھ 77ہزار 751بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ اس مہم کے دوران 1505ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1232 موبائل ‘ 194 فکس ‘ 79ٹرانزٹ تشکیل دی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ پولیو مہم کے دوران ٹارگٹ کے مقابلے میں 105 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے جبکہ 2939 زیروڈوز چلڈرن کو بھی پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔ ڈی سی نے ٹرانزٹ پوائنٹ پر سیکورٹی کے انتظامات کیلئے پولیس کو ہدا یات جاری کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کو ان پوائنٹس پر ٹریفک کا عملہ متعین کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے سے محروم نہ رہے ۔

متعلقہ عنوان :