مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تاریخی منصوبوں کے ذریعہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، مرتضیٰ جاوید عباسی

جمعہ 17 نومبر 2017 12:22

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تاریخی منصوبوں کے ذریعہ ملک کو ترقی کی راہ پر ..
حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ حویلیاں کی یونین کونسل بانڈی عطائی خان کے 2 گائوں دھلا بانڈی اور کوٹلہ کو گیس فراہمی کیلئے ایک کروڑ 31 لاکھ روپے کا فنڈ منظور ہو چکا ہے۔ گذشتہ روز یونین کونسل بانڈی عطائی خان کے 2 گائوں دھلا بانڈی اور کوٹلہ کو گیس فراہمی کے منصوبہ کا افتتاح کرتے ہوئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تاریخی منصوبوں کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے حلقہ کو پاکستان کا ترقی یافتہ اور ماڈل حلقہ بنا کر دم لیں گے۔کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور آئندہ انتخابات تک حلقہ میں جاری تمام منصوبے مکمل ہو کر عوام کی عدالت میں پیش ہوں گے جہاں سے عوام ہمیں بھاری اکثریت سے دوبارہ منتخب کرے گے۔

(جاری ہے)

گیس فراہمی منصوبہ کی افتتاحی تقریب میں گائوں کوٹلہ اور دھلا بانڈی کے بلدیاتی نمائندوں، معززین علاقہ اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ہاتھ اٹھا کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور 2018ء کے انتخابات میں مرتضیٰ جاوید عباسی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق خان جدون نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اہلیان علاقہ نے بھاری اکثریت سے کام کر کے عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے ۔ واضح رہے کہ گیس کی منظوری کیلئے ویلیج کونسل بانڈی عطائی خان کے ناظم آصف خان، جنرل کونسلر فاروق نے بڑی جدوجہد کی اور ان کی کوششیں آخر کار بار آور ثابت ہوئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بجلی سے محروم آبادیوں بانڈی عطائی خان اور کوٹلہ کیلئے 25 بجلی کے کھمبے بھی دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :