اقوام متحدہ میں حق خودارادیت کی پاکستانی قرارداد منظور

حق خودارادیت غیر ملکی قبضے کیخلاف برسرپیکار حریت پسندوں کیلئے امید کی کرن ہے، قرارداد میں بلا امتیاز تمام لوگوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی گئی ہے،رارداد میں جارح ممالک پر اپنے مقبوضہ علاقوں میں فوری طور پر فوجی مداخلت روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی

جمعہ 17 نومبر 2017 11:49

اقوام متحدہ میں حق خودارادیت کی پاکستانی قرارداد منظور
نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) اقوام متحدہ میں حق خودارادیت کی حمایت کی پاکستانی قرارداد منظور کرلی گئی تاہم اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ قرارداد میں بلا امتیاز تمام لوگوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی گئی ہے،حق خودارادیت غیر ملکی قبضے کیخلاف برسرپیکار حریت پسندوں کیلئے امید کی کرن ہے ،قرارداد میں جارح ممالک پر اپنے مقبوضہ علاقوں میں فوری طور پر فوجی مداخلت روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی بلاامتیاز تمام انسانوں کے حق خودارادیت کی قراداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ قرارداد میں بلا امتیاز تمام لوگوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی گئی ہے، جس کا مقصد کشمیر اور فلسطین میں برسرپیکارحریت پسندوں کی جدوجہد پرتوجہ دلانا ہے ، عالمی برادری نے قرارداد کے ذریعے قابض افواج کے تمام غیر قانونی قبضوں کو مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ملیحہ لودھی نے کہا کہ حق خودارادیت کی قرارداد غیرملکی قبضے کے خلاف برسرپیکار حریت پسندوں کیلئے امید کی کرن ہے، جس کی آئندہ ماہ جنرل اسمبلی سے توثیق ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق خود ارادیت عالمی قانون اور اقوام متحدہ چارٹر کے تحت بنیادی اصول ہے، جب کہ قرارداد میں جارح ممالک پر اپنے مقبوضہ علاقوں میں فوری طور پر فوجی مداخلت روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔