سپیکر سردار کی زیر صدارت پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس ،ْ نئی انتخابی حلقہ بندیوں، سیون بی اور سیون سی کی اصل حالت میں بحالی، ایم کیو ایم کی شرکت کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے پر اتفاق

یم کیو ایم کے کراچی کی مردم شماری کے تحفظات ریکارڈ کا حصہ ہیں ،ْ وزیر ریلوے سعد رفیق ایم کیو ایم کے تحفظات دور کئے جائیں ،ْشاہ محمود قریشی سیون سی اور سیون بی کی اصل صورت میں بحالی کے بعد نئی حلقہ بندیوں کی ترمیم پر ووٹ کروں گا ،ْشیخ رشید احمد

جمعرات 16 نومبر 2017 21:25

سپیکر سردار کی زیر صدارت پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس ،ْ نئی انتخابی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2017ء) قومی اسمبلی میں پارلیمانی جماعتوں نے نئی انتخابی حلقہ بندیوں، سیون بی اور سیون سی کی اصل حالت میں بحالی، ایم کیو ایم کی شرکت کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری کے حتمی نتائج سے پہلے ایک فیصد بلاکس پر تصدیق کرادی جائے گی۔

ایم کیو ایم کو مشترکہ مفادات کونسل میں خصوصی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔جمعرات کو سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی میں پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیون بی اور سیون سی پر تمام جماعتوں نے اتفاق کرلیا ہے، حلقہ بندیوں کے معاملے کو بھی فائنل کرلیا ہے، ایم کیو ایم کے تحفظات بل میں شامل کرلئے گئے ہیں، ایم کیو ایم اپنے تحفظات قومی اسمبلی کے فلور پر بیان کرے گی، انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے تمام جماعتیں متفق ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا خصوصی اجلاس بلایا جائے جس میں ایم کیو ایم خصوصی شرکت کرے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کراچی کی مردم شماری کے تحفظات ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کئے جائیں کیونکہ اس پر کوئی ایشو بن سکتا ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سیون سی اور سیون بی کی اصل صورت میں بحالی کے بعد نئی حلقہ بندیوں کی ترمیم پر ووٹ کروں گا۔

وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان درانی نے کہا کہ ایم کیو ایم اگر آج ترمیم پر ووٹ دے تو اس کے شکر گزار رہیں گے۔ وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ سیون سی اور سیون بی جب بحال ہو رہے تھے تب کہا تھا کہ اس کو اصل صورت میں بحال کیا جائے گا، سیون سی اور سیون بی پہلے ہی بحال تھا اب اس کو مزید واضح کر ر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 9 سیٹیں کم ہو رہی ہیں لیکن قومی مفاد میں اس فیصلے کو قبول کیا ہے۔

سی سی آئی میں طویل بحث کے بعد فیصلہ ہوا کہ ایک فیصد بلاکس کی تیسرے فریق سے تصدیق کرائی جائے گی۔ مردم شماری کے حتمی نتائج سے پہلے ایک فیصد بلاکس پر تصدیق کرادی جائے گی۔ ایم کیو ایم کو مشترکہ مفادات کونسل میں خصوصی شرکت کی دعوت دی جائے گی، ایم کیو ایم اپنے تحفظات اس اجلاس میں کونسل کے سامنے رکھے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ ایک فیصد بلاکس پر دوبارہ مردم شماری لیکن کراچی کے دس فیصد بلاکس میں مردم شماری کرائی جائے، اگر ہماری شرائط پوری نہیں ہو رہیں تو پارٹی سے مشاورت کے بعد ووٹ دیں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ ایم کیو ایم اس بات پر بضد ہے کہ کراچی کی آبادی بڑھائی جائے، یہ معاملہ بعد میں بھی طے ہو سکتا ہے۔ اگر بل منظور نہ ہوا تو انتخابات وقت پر نہیں ہو سکیں گے۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے اتفاق رائے سے جو فیصلہ کیا ہے ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔ کراچی کے بارے میں تحفظات درست ہیں لیکن تمام جماعتیں وقت پر عام انتخابات چاہتی ہیں۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مردم شماری پر ہمارے تحفظات تھے اور ہیں مگر ہم نے ملک اور پارلیمنٹ کی خاطر اتفاق رائے کو قبول کیا ہے۔