پشاور، مردان اور نوشہرہ کی خوبصورتی سے متعلق پلان جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں، وزیر اعلیٰ پرویزخٹک

جمعرات 16 نومبر 2017 21:05

پشاور، مردان اور نوشہرہ کی خوبصورتی سے متعلق پلان جلد پایہ تکمیل تک ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ پشاور، مردان اور نوشہرہ کی شہری خوبصورتی کے پلان برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔انہوں نے پشاورمیں رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ کے ملاپ پر واقع پیر زکوڑی فلائی اوور کو بس رپیڈ ٹرانزٹ منصوبے کا حصہ بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں مردان، پشاور اور نوشہرہ اضلاع کے شہری خوبصورتی سے متعلق منصوبوں پر کام کی رفتار کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف، سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دوسرے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو تینوں اضلاع میں مختلف ترقیاتی پیکجز پر تفصیلی بریفینگ دی گئی جن میں رنگ روڈ پشاور، پیر زکوڑی فلائی اوور، پبی و نوشہرہ سے ملحق سروس روڈز ، شیخ ملتون ٹاؤن میں نکاس و حفظان صحت ، جواد چوک چارسدہ اور کاٹلنگ چوک مردان کی تعمیر کی سکیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 18 کلومیٹر پشاور سروس روڈ، جنوبی حصے پر سٹریٹ لائٹس اور دوکانوں کی تعمیر ، چارسدہ روڈ پر فلائی اوور ، بجلی کے پول ہٹانے اور شمالی جانب نکاس کی ڈیزائننگ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ حیات آباد، یونیورسٹی ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں کا ماسٹر پلان جلد مکمل کیا جائے جس میں سڑکوں کی بہتری اور مجموعی تزئین و آرائش کی سکیمیں بھی شامل کی جائیں۔

انہوں نے پورے پشاور شہر میں ٹریفک کی باسہولت آمدورفت یقینی بنانے کیلئے تمام سڑکیں کھلی رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ پشاور کی خوبصورتی کاکام واضح طور پر نظر آنا چاہیئے۔اسی طرح تزئین و آرائش کا مجموعی پلان بھی جلد ازجلد مکمل ہونا چاہیئے۔ انہوں نے پورے ترقیاتی عمل میں حائل رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت بھی کی کیونکہ حکومت ان منصوبوں پر اپنے وسائل کا بڑا حصہ خرچ کر رہی ہے۔

انہوں نے اٴْمید ظاہر کی کہ یہ تمام منصوبے دسمبر کے آخر تک مکمل کرلئے جائیں گے۔اجلا س کو بتایا گیا کہ پشاور رنگ روڈ سے ملحقہ سروس روڈز اگلے مہینے کے آخر تک مکمل کردیئے جائیں گے۔پرویز خٹک نے این ایل سی اور پی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ مل بیٹھ کر مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور اجرائ کا عمل یقینی بنائیں۔اسی طرح نکاس اور حفظان صحت کی سکیموں کی تکمیل بھی جلد ازجلد یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔

وزیراعلیٰ کو مردان میں شیخ ملتون ٹاؤن شپ کی اپ لفٹنگ، مختلف سڑکوں کی تعمیر، نکاس کے موجودہ نظام کو بدلنے اور دیگر ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت سے بھی آگاہ کیاگیا جبکہ وزیراعلیٰ نے ان سب پر کام پور ی سبک رفتاری سے آگے بڑھانے کی ہدایت کی تاہم یہ بھی واضح کیا کہ ان منصوبوں پر وسائل کا ضیاع بھی نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہاکہ ان ترقیاتی سکیموں کیلئے ایک سالہ تکمیل کی ڈیڈلائن ہر صورت یقینی بنائی جائے اور یہ 12 جنوری سے پہلے مکمل ہونے چاہئیں۔

وزیراعلیٰ کو مردان میں دو فلائی اوور اور ایک پار ک کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ پرویز خٹک نے ان منصوبوں سے متعلق ریٹ ایڈوائزی کمیٹی اور پی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے منظوری کے بعد ایک سمری اٴْنہیں بھیجنے کی ہدایت کی۔اٴْنہوں نے شیخ ملتون ٹاؤن شپ میں سیکورٹی اور حفاظتی اقدامات موثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے نکاسی نظام سے متاثرہ افراد کو معاوضے کی ادائیگی کی ہدایت بھی کی۔

اسی طرح اٴْنہوں نے حیات آباد سیف سٹی کا ماڈل شیخ ملتون ٹاؤن شپ میں متعارف کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے ہر لحاظ سے محفوظ رہائشی بستی بنایا جاسکے۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سرکاری ملازمین اپنے متعلقہ فرائض بخوبی سرانجام دیتے نظر آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ملازمین عوام کے خادم ہیں اور اٴْنہیں افسران کے گھروں پر کام نہیں کرنا چاہیئے۔

انہوں نے مزید واضح کیاکہ وہ اس سلسلے میں کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے۔اسی طرح انہوں نے مختلف منصوبوں کے تعمیراتی کام میں حائل رکاوٹیں ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے اور ان کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے شیخ ملتون ٹاؤن شپ کے آٹھ پارکوں میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی طرز پر پانی کا بندوبست کرنے ، بینچ اور سٹریٹ سائن لگانے کی ہدایت بھی کی بعد میں مردان کے نئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک بریفینگ میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جواد چوک فلائی اوور کی تکمیل چھ مہینے کی مقررہ معیاد میں یقینی بنائی جائے۔

اسی طرح چوک کے دونوں اطراف میں سلپ روڈز اور چوک کی ری ڈیزائننگ بھی بروقت مکمل کی جائے۔ اجلا س کو ان منصوبوں پر کام کی پیش رفت سے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ جواد چوک فلائی اوور ساڑھی38 کروڑ روپے اور چارسدہ چوک فلائی اوور ساڑھی40 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے مردان میں تمام ترقیاتی منصوبوں میں شجرکاری اور ماحولیاتی خوبصورتی کا پہلو پیش نظر رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کاٹلنگ چوک کیلئے اراضی کا حصول بھی جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :