گورنر سندھ کا ٹھٹھہ اور سجاول کے مختلف علاقوں کا دورہ ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

عوام کو ریلیف دینے کیلئے وفاقی حکومت ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے ، گورنر سندھ ٹھٹہ کے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ اور سوئی گیس کی فراہمی وفاقی حکومت کے وعدوں کی تکمیل ہے،500 بستروں پر مشتمل ہسپتال جلد مکمل کرنے کی ہدایت کامیاب معاشی پالیسی کے باعث پورے ملک میں معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد یقینی ہے ، عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے وفاق کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبے اہم ثابت ہونگے ،جمہوری دور میں جمہور کے لئے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے ، محمد زبیر کا افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 16 نومبر 2017 21:05

گورنر سندھ کا ٹھٹھہ اور سجاول کے مختلف علاقوں کا دورہ ، ترقیاتی منصوبوں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے وفاق کے تحت شروع کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے ہر صورت اپنے مقررہ وقت پر ہی مکمل کئے جائیں ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی ایاز شاہ شیرازی ، رکن صوبائی اسمبلی اعجاز شاہ شیرازی ، مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ ،شفقت شاہ شیرازی ، اقلیتی ونگ کے جنرل سیکریٹری کھیل داس کو ہستانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

گورنر سندھ نے ضلع ٹھٹھہ کے گاؤں گل شیر بروہی کو گیس کی فراہمی کے منصوبہ کا افتتاح بھی کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع کے 100 دیہاتوں کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے ،منصوبہ کے ابتدائی مرحلہ میں گیس کی پائپ لائنیں بچھادی گئی ہیں جبکہ گھروں تک گیس کی فراہمی کا کام اگلے چھ ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا ۔

دورہ میں گورنر سندھ کو متعلقہ حکام نے ضلع ٹھٹھہ میں تعمیر ہونے والے 500 اسپتال کے لئے جگہ کی نشاندہی ، پینے کے صاف پانی ، بجلی وگیس کی فراہمی کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے وفاقی حکومت بنیادی ضروریات صحت ، تعلیم ، انفرااسٹرکچر ،بجلی و سوئی گیس کی فراہمی اور پینے کے صاف پانی کے لئے منصوبے تشکیل دے رہی ہے جس میںپسماندہ علاقوں کو خصوصی ترجیح حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ ایک قدیم تاریخی اہمیت کا حامل ضلع ہے جہاں عوام کو بنیادی سہولیات کے حصول کے لئے طویل مسافت طے کرنا پڑتی ہے وزیر اعظم پاکستان نے ٹھٹھہ کے غریب عوام کے لئے ہیلتھ کارڈ اور ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے 500 بستروں کا جدید اسپتال تعمیر کرنے کا اعلان کیا جس پر تیزی سے کام جاری ہے ، اسپتال کی تکمیل سے ٹھٹھہ کے مکینوں کوان کے اپنے علاقہ میں صحت کی جدید سہولیات حاصل ہو سکیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے تحت ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ،ضلع ٹھٹھہ کے لئے اعلان کردہ دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی جلد کام کا آغاز ہوگا،ٹھٹہ کے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ اور سوئی گیس کی فراہمی وفاقی حکومت کے وعدوں کی تکمیل ہے۔دریں اثنا ضلع ٹھٹھہ میں گورنر سندھ نے اراکین اسمبلی سے ملاقا ت کی اور ان سے عوامی مسائل پر تفصیلی آگاہی حاصل کی۔

رکن صوبائی اسمبلی اعجاز شاہ شیرازی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے ضلع ٹھٹھہ پر خصوصی توجہ دی اور اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران ٹھٹھہ کے عوام کے لئے 500 بستروں کے اسپتال ، غریب لوگوں کے لئے ہیلتھ کارڈ اسکیم ،پینے کے صاف پانی ، گیس اور بجلی کی فراہمی کے لئے منصوبوں کا اعلان کیا ، منصوبوں کی تکمیل سے ضلع ٹھٹھہ میں لوگوں کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا لیکن ضلع سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت معاشی خوشحالی کے وژن پرگامزن ہے ،کامیاب معاشی پالیسی کے باعث پورے ملک میں معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد یقینی ہے ، عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے وفاق کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبے اہم ثابت ہونگے ،جمہوری دور میں جمہور کے لئے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے ۔ دریں اثنا ء گورنر سندھ نے سجاول کے علاقوںبیلو سٹی اور گائوں گاہی خان شیخ میں بھی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا ۔

متعلقہ عنوان :