قادیانیوں کی پاک فوج میں بھرتی پر پابندی ، شناختی کارڈ پر مذہب کے خانے کے اضافے اور 7ستمبر کو ہر سال قومی دن کے طور پر منانے کے مطالبے پر مبنی 3قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 16 نومبر 2017 19:50

قادیانیوں کی پاک فوج میں بھرتی پر پابندی ، شناختی کارڈ پر مذہب کے خانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2017ء) قادیانیوں کی پاک فوج میں بھرتی پر پابندی ، شناختی کارڈ پر مذہب کے خانے کے اضافے اور 7ستمبر کو ہر سال قومی دن کے طور پر منانے کے مطالبے پر مبنی 3قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی محمد الیاس چنیوٹی کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ چونکہ قادنیوں کے نزدیک جہاد کرنا حرام ہے جبکہ پاک فوج کا شعار ہی ایمان ، تقویٰ اور جہاد ہے لہٰذا وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ قادیانی فرقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی فوج میں بھرتی کو ممنوع قرار د یا جائے ۔

(ن) لیگ کے اراکین اسمبلی محمد الیاس چینوٹی اور صاحبزادہ پیر غلام نظام الدین سیالوی کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شناختی کارڈ کے فارم میں موجود مذہب کے حلف نامہ کی افادیت کو عام کرنے کیلئے تیار ہونے والے شناختی کارڈ پر بھی مذہب کے مستقل خانہ کا اضافہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

جبکہ (ن) لیگ کے ہی رکن اسمبلی الیاس چینوٹی کی طرف سے جمع کروائی گئی تیسری قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 7ستمبر 1974ء کوچونکہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے منکرین ختم نبوت کے گروہ قادنیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیکر عقیدہ ختم نبوت کا مکمل تحفظ کیا تھا جو یقینا ایک سنہری اقدام تھا اور یہ اعزاز مسلم دنیا میں سے صرف پاکستان کو ہی حاصل ہوسکا ہے اس لئے 7ستمبر کو ہر سال قومی دن کے طور پر منایا جائے ۔