این بی پی ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی شروع، ابتدائی روز اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور، ملتان اور ایبٹ کی ٹیموں کا اپنے اپنے میچز جیت کر فاتحانہ آغاز

جمعرات 16 نومبر 2017 19:40

این بی پی ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی شروع، ابتدائی روز اسلام آباد، ..
ملتان+ بہاولپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2017ء) نیشنل بینک آف پاکستان ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی ملتان اور بہاولپور میں ایک ساتھ شروع ہو گئی، ابتدائی روز اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور، ملتان اور ایبٹ آباد کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ جمعرات کو این بی پی ٹی ٹونٹی بلائنڈ ٹرافی ملتان اور بہاولپور میں ایک ساتھ شروع ہو گئی، بہاولپور کے میئر عقیل نجم، این بی پی بہاولپور ریجنل ہیڈ محمد یونس اور پی بی سی سی کے ڈائریکٹر سید سلمان طارق بخاری نے بہاولپور جبکہ این بی پی کے ریجنل بزنس ڈویلپمنٹ مینجر کامران خان ترین اور پی بی سی سی کے ڈائریکٹر انور علی سیال نے ملتان میں ایونٹ کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

ملتان کینٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں اوکاڑہ بلائنڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 15.1 اوورز میں 115 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، فصیح اللہ 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، انیس جاوید اور نبیل ستی نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں اسلام آباد بلائنڈ نے مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں پر پورا کیا، طیب جبار 35 رنز بنا کر نمایاں رہے، بہاولپور سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پی بی سی ینگ سٹار بلائنڈ پہلے کھیلتے ہوئے 67 رنز پر ڈھیر ہو گئی، احتشام 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، وقاص نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں گوجرانوالہ بلائنڈ نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان 5 اوورز میں پورا کیا، اسرار حسین 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ملتان کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے ایک میچ میں لاہور بلائنڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کامران اختر نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جواب میں پشاور بلائنڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 206 رنز بنا سکی، محسن خان 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، ایک اور میچ میں بہاولپور بلائنڈ نے آزاد جموں و کشمیر بلائنڈ کو با آسانی 106 رنز سے شکست دی جبکہ ایبٹ آباد بلائنڈ نے فیصل آباد بلائنڈ کو 43 رنز اور ملتان بلائنڈ نے کوئٹہ بلائنڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔