سی پیک پاکستان کیلئے ایک عظیم موقع ہے جس سے پوری طرح استفادہ کی ضرورت ہے، فاٹا کو مرکزی دھارے میں لانے کا عمل جاری ہے،

حکومت بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کی بجائے گیس پر انحصار کی طرف منتقل ہوئی ہے کشمیر ایک دیرینہ مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کا متقاضی ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سکول آف پالیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز قائداعظم یونیورسٹی کے طلباء کے گروپ سے گفتگو

جمعرات 16 نومبر 2017 19:37

سی پیک پاکستان کیلئے ایک عظیم موقع ہے جس سے پوری طرح استفادہ کی ضرورت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کیلئے ایک عظیم موقع ہے جس سے پوری طرح استفادہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات سکول آف پالیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز قائداعظم یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ طالب علموں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پاکستان کے خارجہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیلئے جمعرات کو وزیراعظم آفس کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات تاریخی روابط پر مبنی ہیں جو اقتصادی تعلقات سے بالا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمومی طور پر اقتصادی روابط سیاسی سفارتکاری کی طرف لے کر جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر ایک دیرینہ مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کا متقاضی ہے۔

(جاری ہے)

فاٹا کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ اس کو مرکزی دھارے میں لانے کا عمل جاری ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس معاملہ سے نبرد آزما ہونے کیلئے تندہی سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اعلیٰ عدالتوں کے دائرہ کار کو فاٹا تک توسیع دینے پر پہلے ہی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فاٹا کی ترقی پر بھی توجہ دے رہی ہے اور فاٹا کے رہائشیوں کیلئے نہایت خطیر 10 سالہ بجٹ وضع کیا جا رہا ہے۔ توانائی کی قلت کے مسئلہ پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کی بجائے گیس پر انحصار کی طرف منتقل ہوئی ہے کیونکہ یہ ایک سستا ذریعہ ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جے صدیقی اور رکن قومی اسمبلی شیزا فاطمہ نے طالب علموں کو حکومت کی انتظامی شاخ اور وزیراعظم آفس کے امور کار کے بارے میں آگاہ کیا۔