بلدیہ چشتیاں کا کلرک رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار، نوٹ برآمد

جمعرات 16 نومبر 2017 19:02

چشتیاں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2017ء) سول جج چشتیاں عرفان محمود نے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن بہاولنگر کے ہمراہ اچانک چھاپہ کے دوران بلدیہ چشتیاں کے اکائونٹس کلرک محمداکرم منگھرا کو ملازم بلدیہ شوکت علی سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے رشوت کے نشان زدہ دس ہزارروپے کے نوٹ برآمد کر لیے۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن بہاولنگر کے سرکل آفیسر عبدالقیوم خاں و اسسٹنٹ سب انسپکٹر ملک محمد طاہر کے مطابق بلدیہ اکائونٹس کلرک نے ملازم بلدیہ شوکت علی ٹیوب ویل آپریٹر کے بقایاجات کی ادائیگی سے قبل دس ہزار روپے رشوت طلب کی چنانچہ شوکت علی نے اینٹی کرپشن آفس سے تحریر رابطہ کیا جس پر سول جج چشتیاں کی نگرانی میں بلدیہ چشتیاں کے شعبہ فنانس میں موجود اکائونٹس کلرک محمداکرم منگھرا کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن بہاولنگر میں مقدمہ درج کر لیاہے۔