وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان کی ملاقات

ملکی مجموعی صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 16 نومبر 2017 18:06

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند دنوں سے فیض آباد کے مقام پر موجود دھرنے کے سبب راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری بے انتہاء مشکلات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت کی مصروف ترین شاہراہ اور راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والے اہم مقام پر لاقانونیت اور عوام الناس کو تکالیف سے دوچار کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مسئلہ کے جلد از جلد حل کیلئے فوری اقدامات کرے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ موٹروے پر میٹرو سٹیشن پراجیکٹ کی تعمیر میں سست روی کی وجہ سے نہ صرف ملحقہ آبادیوں بلکہ ملک بھر سے آنے والے شہریوں کو دقت کا سامنا ہے۔ تعمیری عمل کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں تاکہ ان کی مشکلات کم کی جا سکیں۔