حلقہ بندیوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کردیئے، مردم شماری پر ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات برقرار

کراچی کی آبادی کو کم شمار کیا گیا ہے،ایک فی صد بلاکس کے بجائے 10فی صد بلاکس میں دوبارہ مردم شماری کرائی جائے، یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا تو منصفانہ انتخابات نہیں ہوسکتے،ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار

جمعرات 16 نومبر 2017 17:57

حلقہ بندیوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کردیئے، مردم شماری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2017ء) حکومت نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کردیئے تاہم مردم شماری پر ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات دور نہ کئے جاسکے، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہاہے کہ کراچی کی آبادی کو کم شمار کیا گیا ہے،ایک فی صد بلاکس کے بجائے 10فی صد بلاکس میں دوبارہ مردم شماری کرائی جائے، یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا تو منصفانہ انتخابات نہیں ہوسکتے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس ہوا، جس میں پیپلزپارٹی کے نوید قمر پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی ، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار،جے یو ائی(ف) کے اکرم خان درانی جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ، عوامی مسلم لیگ سبربراہ شیخ رشید، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوں نے شرکت کی، اجلاس میں ختم نبوت کے حوالے س 7B اور 7C کی شقوق کو بحال کرنے پر تمام جماعتوں نے اتفاق کرلیا، تاہم نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تحفظات دور نہ کیے جاسکے، اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ7Bاور 7C کے مسئلے پر ساری جماعتوں کا اتفاق رائے ہوگیا ہے، اس کو اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا، حلقہ بندیوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے تحفظات دور ہوگئے ہیںِ لیکن ایم کیو ایم پاکستان نے تحفظات کا اظہارکیا ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تحفظات کو دور کیا گیا لیکن ایم کیو ایم کے تحفظات ابھی سامنے ہیں، ان کے تحفظات برقرار رہے تو مسئلہ بن سکتا ہے، ان کے تحفظات دور کیے جائیں، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کراچی کی آبادی کے حوالے سے تحفظات ہیں،ایم کیو ایم پاکستان کو پیشکش کی گئی ہے، کہ یہ مسئلہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جایا جائے اور وہاں انھیں بلاکر ان کی بات سنی جائے۔

(جاری ہے)

وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ7Bاور 7C اصل شکل میں بحال ہے، اسے مزید بہتر کررہے ہیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں آبادی کو کم گنا گیا ہے، یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا تو منصفانہ انتخابات نہیں ہوسکتے، جہاں ایک فیصد بلاکس میں دوبارہ مردم شماری کرائی جارہی ہے،وہاں 10فیصد بلاکس میں مردم شماری کرائی جائے،وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس اکرم درانی نے کہا کہ سب نی7Bاور 7C کی بحالی کی خوشی سے قبول کیا ہے،مردم شماری کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات ہیں،فاٹا کی آدھی آبادی ابھی گھروں کو واپس نہیں گئی،فاٹا کے مسئلے کو بھی مشترکہ مفادات کونسل میں لے جایا جائے،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مردم شماری پر تحفظات تھے اور ہیں،لیکن تحفظات کے باوجود اتفاق رائے کے حق میں تھے،کراچی میں ایک فی صد بلاکس میں دوبارہ مردم شماری میںنقص نکل آئے تو ہم ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا کہ کراچی کی آبادی بڑھی ہے، پھر بھی ایم کیو ایم پاکستان کو اعتراض ہے، پنجاب کی آبادی کم ہوئی ہے لیکن ان کو اعتراض ہے، اس مسئلے کو حل کیا جائے،انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے ہیں، تو بہت مسائل بنتے ہیں۔