وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل بخوبی سمجھتی ہے اور اسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،گورنر سندھ

میاں محمد نواز شریف نے دورہ ٹھٹھہ کے دوران جن ترقیاتی اسکیموں اعلان کیا تھا ان سب پر تیزی سے کام ہورہا ہے ،محمد زبیر کی گفتگو

جمعرات 16 نومبر 2017 17:46

وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل بخوبی سمجھتی ہے اور اسے حل کرنے کی ..
ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2017ء) گورنرسندھ محمدزبیرنے کہاہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل بخوبی سمجھتی ہے اور اسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دورہ ٹھٹھہ کے دوران جن ترقیاتی اسکیموں اعلان کیا تھا ان سب پر تیزی سے کام ہورہا ہے اور سوئی گیس کی 88 اسکیمیں منظور ہوچکی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ کے گائوں غلام محمد بروہی میں سوئی گیس کے افتتاح کے بعد این این آئی سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بحالی میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا مرکزی کردار رہا ہے اگر شروع میں جرائم پیشہ اور دہشت گردی پر کنٹرول کیا جاتا تو آج جیسی صورتحال پیدا نہیںہوسکتی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو حالیہ ضمنی انتخابات میں کامیابی نہیں مل سکی ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں آصف علی زرداری کی کیا حکمت عملی ہوتی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ موجود حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات وقت مقررہ پر ہی ہوںگے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ میں سندھ میں وفاق کا نمائندہ ہوں اور وفاق کی نمائندگی کر رہا ہوں میرے لئے سب سیاسی جماعتیں برابر ہیں۔ٹھٹھہ کے شیرازی برادران بڑے سرگرم ہیں وہ مجھے گورنر ہائوس میں بھی پکڑ کر عوام کے مسائل پر بات کرتے ہیں اور وہ عوام کے حقیقی رہنما ہیں۔