پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا،اس کے فیصلوں کو تسلیم کیا

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور محسن شاہنواز رانجھا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 15 نومبر 2017 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور اس کے فیصلوں کو تسلیم کیا ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی جماعت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق دور میں عدلیہ کی بحالی کے لیے بہت جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تنازع کی پالیسی پر عملدرآمد نہیں کیا اور تحفظات کے باوجود سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کو قبول کیا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز کیس میں محمد نواز شریف پر بدعنوانی کا کوئی الزام بھی ثابت نہیں ہوا اور یہی وجہ ہے کہ محمد نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین رہنما ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے میٹرپولیٹن شہر کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کیا جس کی بدولت آج کراچی کا امن بحال ہو چکا ہے اور یہاں معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔