Live Updates

عمران خان یوٹرن خان ہے،عوام کے سامنے جھوٹ بولنا ان کی عادت ہے،وہ نااہل ہونے جا رہے ہیں

وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 15 نومبر 2017 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ اپوزیشن صرف پوائنٹ اسکورنگ کیلئے بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ بدھ کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے حکومتی صوبے خیبر پختونخوا میں تو احتساب کمیشن کو تالے لگوا دئیے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی سندھ میں احتساب بیورو کی طاقت میں کمی کے لیے کوشاں ہے لیکن دونوں جماعتیں آواز بدعنوانی کے خلاف اٹھا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان یوٹرن خان کے نام سے جانے جاتے ہیں اور عوام کے سامنے جھوٹ بولنا ان کی عادت ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نااہل ہونے جا رہے ہیں کیونکہ ان کے وکیل نے نیازی سروسز کے حوالے سے منی ٹریل کے بارے میں اعترافی بیان جمع کرا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ملک میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی پوری کوششیں کر رہی ہے۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو صرف ایک اقامے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا حالانکہ پاناما پیپرز کیس میں ان پر کرپشن کا کوئی الزام بھی ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین پہلے دن سے حکومت کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور ہماری قیادت کو بدنام کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات