عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانا میری اولین ترجیح ہے،الحاج خالد بٹ

بدھ 15 نومبر 2017 23:02

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) مسلم لیگ ن کے رہنما وممبر کینٹ بورڈ چکلالہ وارڈ5الحاج خالد بٹ نے کہا ہے کہ ڈی ایچ اے کیلئے جانیوالی گیس کی مین لائن سے بٹ چوک گلستان کالونی تک تقریباً ایک کلومیٹر گیس پائپ لائن نئی ڈال دی گئی ہے ،کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی الیکشن سے قبل عوام سے جو وعدہ کیاتھا وہ پورا کردیا ہے،سارا منصوبہ اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کرایا اس کیلئے کنٹونمنٹ بورڈ یاگورنمنٹ سے کوئی فنڈ نہیں لیا ان خیالات کااظہارانہوں نے نئی ڈالی گئی گیس پائپ لائن کاکام مکمل ہونے کے موقع پر اہلیان علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت سردیاں شروع ہوچکی ہیں اور گیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ پورے ملک کا مسئلہ ہے نئی گیس پائپ لائن ڈی ایچ اے کی مین گیس پائپ لائن سے جوڑنے سے انشاء اللہ علاقے کے عوام کو گیس فراہمی کے سلسلے میں ریلیف ملے گا ،عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانا میری اولین ترجیح ہے عوام نے ہمیں وو ٹ دیکر منتخب کیا ہے ان کے کام آنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔