یونین کونسل90چک جلال دین میں گھروں پر ٹیکس نہیں لگنے دیا جائے گا،ملک لیاقت حسین

بدھ 15 نومبر 2017 23:02

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) مسلم لیگ ن کے رہنما وچیئرمین یونین کونسل90چک جلال دین ملک لیاقت حسین نے کہا ہے کہ پوری یونین کونسل کے تمام جنرل کونسلرز وعوامی نمائندوں نے ایک اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد پاس کی ہے کہ یوسی90کیونکہ دیہی یونین کونسل ہے اور زیادہ تر رہائشی غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے اس یونین کونسل میں گھروں پر ٹیکس نہیں لگنے دیا جائیگا اور اگر محکمے نے ٹیکس جمع کرانے کے نوٹس جاری کیے تو متفقہ طور پر پوری آبادی ٹیکس جمع نہیں کرائیگی سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ پہلے کی طرح گھروں کوٹیکس سے مستثنیٰ قراردیں،ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے آفس میں یونین کونسل90 چک جلال دین کے جنرل کونسلرزومسلم لیگ ن کے مقامی عہدیداران و کارکنان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ملک لیاقت حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے انقلابی فیصلے کیے اور ایسی پالیسیاں بنائیں جن کی بدولت آج صوبہ پنجاب دیگر صوبوں سے ترقی میں بہت آگے ہے اس کا سارا کریڈٹ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کو جاتا ہے ،مسلم لیگ ن اسی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن بھی بھاری اکثریت سے جیت کر کامیابی حاصل کریگی۔