فیصل آباد،محکمہ زراعت پنجاب کا اولین فرض کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے، محمد محمود

بدھ 15 نومبر 2017 22:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب کا اولین فرض کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے اور اس کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات کو بھرپور لگن سے کام کرنا ہو گا۔ یہ بات محمد محمود سیکرٹری زراعت پنجاب نے راولپنڈی میں محکمہ زراعت راولپنڈی ڈویژن کے سہ ماہی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں شریک افسران سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوٹھوار کے کاشتکاروں کو پانی ذخیرہ کرنے کیلئے منی ڈیمز اور تالابوں کی تعمیر اور ٹیوب ویلز کی فراہمی، کھاد و بیج کی باآسانی دستیابی، فصلات و باغات کی پیسٹ سکائوٹنگ، زرعی تحقیقی امور اور توسیعی عملہ کے ذریعے رہنمائی جیسے اہم عوامل بروئے کار لانے کیلئے حکومت خادم پنجاب شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر عمل پیرا ہے اور تمام اہداف کا حصول ہمارا مقصد ہے۔

(جاری ہے)

تحفظ اراضی و پانی کے لئے حکومت نے اس مالی سال کیلئے 230 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ ڈرپ اینڈ سپرنکلر اریگیشن سسٹم کی تنصیب کیلئے 60 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ سولر سسٹم کی تنصیب پر 80 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پیکیج کے تحت دیئے گئے اہداف کو مکمل کرنے کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔ سیکرٹری زراعت نیہدایت کی کہ ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز اپنے ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے کارکردگی کی بنیاد پر افسران و عملہ کو ایوارڈز دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے جو کہ پہلے موجود نہ تھا۔ انہوں نے تنبیہہ کی کہ کارکردگی میں غفلت برتنے والے افسران و عملہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات کے نمائندوں نے اپنے اپنے زیر اثر علاقوں میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کی کارکردگی کے حوالہ سے بریفنگ دی اور اس بات کا عہد کیا کہ ہم حکومتی توقعات کے مطابق تمام زرعی سکیموں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے تاکہ ہمارے کاشتکار نہ صرف معاشی طور پر خود کفیل ہوں بلکہ ملکی خوراک کی کمی کو بھی پورا کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :