فیصل آباد، قرعہ اندازی کے تحت 5184کامیاب کاشتکاروں کو کنگی سے پاک گندم کے بیج کے 9465تھیلے مفت تقسیم

بدھ 15 نومبر 2017 22:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے کسان دوست اقدامات کے تحت فیصل آباد ڈویژن میں قرعہ اندازی کے تحت 5184کامیاب کاشتکاروں کو کنگی سے پاک گندم کے بیج کے 9465تھیلے مفت تقسیم کئے گئے۔اس سلسلے میں ایک تقریب ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے لائبریری ہال میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمیدمہمان خصوصی تھے۔

ڈائریکٹر بیج ڈاکٹر جاوید،ڈاکٹرمنیر،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شبیر افضل وڑائچ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محفوظ احمد،ڈاکٹر زاہد،حافظ عدیل احمداورکاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈائریکٹر زراعت نے بیماری سے پاک گندم کا بیج حاصل کرنے والے کاشتکاروں کومبارکباد دی اور کہا کہ اس اقدام کامقصد گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں میں اجالا اور دیگراقسام کے بیج تقسیم کئے گئے ہیں اور قرعہ اندازی کا تمام عمل شفاف اورخالصتاًمیرٹ کی بنیاد پرمکمل کیاگیا ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور گائوں کے دیگر کسانوں کو بھی فصل کی کٹائی کے بعد بیج فراہم کریں۔انہوں نے بتایا کہ گندم کے بیج کے حصول کے لئے ڈویژن بھرسے 35ہزار687درخواستیں موصول ہوئیں جن کی سکروٹنی اورمتعلقہ قواعدوضوابط پرپورااترنے والے کسانوں میں گندم کا کنگی سے پاک بیج مفت تقسیم کیا گیا۔