فیصل آباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام پھیپھڑوں کے دائمی امراض سے بچائو سے آگاہی کے لئے واک کا انعقاد

بدھ 15 نومبر 2017 22:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام پھیپھڑوں کے دائمی امراض سے بچائو سے آگاہی کے لئے واک منعقد ہوئی جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد نے کی۔سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس بلوچ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،ڈاکٹربلال احمد،محکمہ صحت کے دیگر ڈاکٹرزوپیرا میڈیکل سٹاف اور سول سوسائٹی کے افراد بھی واک میں شریک تھے۔

واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر خلیق قریشی چوک سے ہوتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاء نے پھیپھڑوں کے دائمی امراض،احتیاط اور علاج معالجہ کے طریقوں پر مشتمل بینرزاورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز)نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور تحصیل ہسپتالوں میں غیرمتعدی بیماریوں کی سکریننگ اورعلاج معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں لہذا شہری پھیپھڑوں کے دائمی امراض کی صورت میں فوری متعلقہ ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کو زیادہ سے زیادہ لوگوںتک پھیلا کرمتعدی امراض سے بچا جاسکتا ہے اس سلسلے میں آگاہی پروگرامز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہری زندگی کی قدر جانیں اوراحتیاط اپنائیں،سگریٹ نوشی کی عادت ترک کردیں،فضائی آلودگی اور دھواں سے بچیں،متوازن غذاکھائیں،ورزش کو معمول بنائیں اور ڈاکٹر کا تجویز کردہ انہیلراستعمال کریں۔

سی ای او(ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی)نے کہا کہ مریض کو سانس لینے میں دشواری کی صورت میں فوری چیک اپ کرائیں۔انہوں نے پھیپھڑوں کے دائمی مرض کی علامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل کھانسی،بلغم،سائنس لینے میں دشواری،سینے میں گھٹن یا جکڑن کااحساس،سانس لیتے وقت سیٹی کی آواز کی صورت میں گھریلو ٹوٹکے نہ آزمائیں۔انہوں نے کہا کہ رہنمائی کیلئے ٹال فری نمبر0800-99000پرابطہ کریں۔