فیصل آباد،ڈویژنل شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی نے مختلف شوگرملز کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت وبحالی کی 9سکیموں کی منظوری دی

بدھ 15 نومبر 2017 22:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء)ڈویژنل شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی نے شوگرسیس فنڈز کے پانچ کروڑ 61لاکھ روپے سے ضلع چنیوٹ کی مختلف شوگرملز کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت وبحالی کی 9سکیموں کی منظوری دی ہے۔یہ منظوری ڈویژنل کمشنر مومن آغا کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں دی گئی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہررمضان،ایس ای ہائی ویز خاوربھٹہ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ چنیوٹ ڈاکٹرنوید اور دیگرافسران کے علاوہ شوگر ملزکے نمائندگان وکاشتکار بھی موجود تھے۔

ڈویژنل کمشنر نے شوگرملز کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ منظور ہونے والے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کیلئے محکمانہ اقدامات کئے جائیں اور کوئی سکیم تعطل کا شکار نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر کمیٹی کے اجلاس میں شوگرملز انتظامیہ کے ساتھ کاشتکاروں کے نمائندوں کو بھی شامل رکھیں اور عوامی ضرورت کی سکیمیں ہی منظوری کے لئے پیش کی جائیں۔

انہوں نے ہائی ویز کے افسران سے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کرائیں اور اگر کسی جگہ انتظامی وفنی رکاوٹ درپیش ہو تو فوری ان کے نوٹس میں لائیں۔اجلاس کے دوران 4کروڑ 87لاکھ روپے سے مدینہ شوگر ملز کے علاقہ میں 7سڑکوں کی تعمیرومرمت وبحالی،32لاکھ روپے سے سفینہ شوگرمل کے علاقہ میں ایک سڑک کی تعمیر اور 42لاکھ روپے کی لاگت سے دیگر شوگر ملز کے علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں کی منظوری کے امور کاجائزہ لیا گیا۔