حکومت کا حالیہ مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم کرنے کا فیصلہ

بدھ 15 نومبر 2017 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء) حکومت نے حالیہ مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وفاقی وزیر برائے شماریات قومی اسمبلی کے اجلاس میں مردم شماری کی تفصیلات پیش کرینگے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دورکرینگے،ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے شماریات سینیٹر کامران مائیکل جمعرات کے روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حالیہ مردم شماری کے بارے تفصیلات پیش کرینگے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دورکرینگے،اس سلسلے میں سینیٹر کامران مائیکل کو بیرون ملک سے چھٹیاں منسوخ کرکے بلایا گیا ہے، حکومت نے تمام حکومتی اراکین اسمبلی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اس سے قبل سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی جماعتوں کے درمیان نئی حلقہ بندیوں کیلئے ائینی ترمیم کی منظوری کیلئے سیاسی جماعتوںکے نمائندوں سے ملاقات کی اور انکے تحفظات دورکرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔

(جاری ہے)

پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء شیخ آفتاب احمد، وزیر قانون زاہد حامد، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود قریشی، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور، جمعیت علماء اسلام (ف) کے اکرم خان درانی نے شرکت کی۔

واضع رہے کہ حکومت کو قومی اسمبلی سے نئی حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم پاس کروانے کیلئے حکومت کو 228 اراکین اسمبلی کی حمایت درکار ہے۔ حکومت کے پاس 188 اراکین ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی مشروط حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ شمیم محمود

متعلقہ عنوان :