لاہور، تربت میں قتل ہونے والے افراد کی میتوں کو ان کے آبائیعلاقوں میں بھجوانے کے لئے انتظامات کرنے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل

بدھ 15 نومبر 2017 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بلوچستان کے علاقے تربت میں قتل ہونے والے ان افراد کی میتوں کو پنجاب لانے کے لئے اور ان کے آبائی گھروں میں بھجوانے کے لئے انتظامات کرنے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میتوں کو پنجاب لانے کے لئے انتظامات کرے گی اوربلوچستان حکومت کے ساتھ رابطہ کر کے قتل ہونے والے افراد کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی -11 رکنی کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد ہوں گے جبکہ کمیٹی میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن ، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، سی سی پی او لاہور ، آرپی او گوجرانوالہ ، ڈی جی پی آر پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور ، ڈی جی شہر خموشاں اتھارٹی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی مقتولین کی میتوں کی واپسی کے حوالے سے بلوچستان حکومت کے ساتھ کوآرڈینیٹ کرے گی اور غمزدہ خاندانوں کو اس ضمن میں ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ کمیٹی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ بھی مہیا کرے گی- کمیٹی واقعہ کی وجوہات کا جائزہ لے گی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے سفارشات بھی پیش کرے گی۔ کمیٹی تین روز کے اندر وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :