بلوچستان نیشنل پارٹی کی تربت اور کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ واقعات کی مذمت

حکمران امن و امان کی بحالی مین ناکام ہو چکے ہیں، حکمران لفاظی کے بجائے عملی اقدامات کریں،بیان

بدھ 15 نومبر 2017 22:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2017ء) بلوچستان نیشنل پارٹی مرکزی کے بیان میں تربت اور کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئے روز دلخراش واقعات رونما ہو رہے ہیں حکمران امن و امان کی بحالی میں ناکام ہو چکے ہیں دونوں واقعات انسانیت سوز ہیں جن میں خواتین کو بھی نشانہ بنایا گیا پارٹی نے ہمیشہ قتل و غارت گری کی مذمت کی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی میں حکمران ناکام ہو چکے ہیں اخلاقی طور پر ان کے پاس حکمرانی کا کوئی جواز باقی نہیں رہا حکمران اقتدار پر براجمان ہیں اور یہ دعوے کرتے نہیں تھکتے کہ بلوچستان میں حالات بہتر ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے ارباب و اختیار حقائق کو تسلیم کریں کہ بلوچستان میں حالات مخدوش ہوتے جا رہے ہیں اور کوئی بھی طبقہ فکر کا جان و مال محفوظ نہیں چادر و چار دیواری کی حفاظت کو بھی یقینی نہیں بنایا جا رہا حکمران مثبت پالیسیاں بنائیں تاکہ حالات بہتری کی جانب گامزن ہو سکیں اب مزید امن کے دعوئوں سے معاملات کو بہتری کی طرف نہیں لے جایا جا سکتا لفاظی دعوے بہت کئے گئے اب عمل کی ضرورت ہے کہ عوام کو امن فراہم کیا جا سکتے اربوں روپے امن و امان کیلئے مختص کئے گئے ہیں لیکن آئے روز دلخراش واقعات جس میں بے گناہ انسانوں کا خون بہایا گیا باعث افسوس ہے ۔