وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی نواں کلی میں پولیس افسر کی گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

بدھ 15 نومبر 2017 21:53

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی نواں کلی میں پولیس افسر ..
کوئٹہ۔15نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے نواں کلی میں پولیس افسر کی گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کی اس بزدلانہ کاروائی میں قائمقام ایس پی محمد الیاس ان کی اہلیہ ، بیٹے اور پوتے کی شہادت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنانے والے انسانیت سے عاری دہشتگردوںکا کوئی مذہب قوم اور قبیلہ نہیں اور وہ سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کی دہشگردوں کے خلاف جاری کاروائیوں کی وجہ سے دہشتگرد بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر سیکورٹی اداروں بالخصوص پولیس افسران کو دہشتگردی کا نشانہ بنارہے ہیں تاکہ ان کا حوصلہ پست کیا جاسکے تاہم انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ دہشتگردوں کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کہا کہ اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں اور ہمارا مقابلہ ایسے دشمن سے ہے جس کے نزدیک انسانی جان کی کوئی قدروقیمت نہیں لہذا سیکورٹی ادارے مزید مستعد رہتے ہوئے سیکورٹی اقدامات اور زیادہ موثر بنائیں اور حالیہ واقعات کے تناظر میں سکورٹی پلان از سرنومرتب کرکے اس پر مربوط عملدرآمدکاآغازکیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔