امن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے شہداء کے مشن کی تکمیل کی جائیگی، وزیر اعلیٰ بلوچستان

امن دشمن جان لیں جب تک ہم ان کا مکمل خاتمہ نہیں کر لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، نواب ثناء اللہ خان زہری

بدھ 15 نومبر 2017 21:48

امن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے شہداء کے مشن کی تکمیل کی جائیگی، ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ امن کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کے مشن کی تکمیل کی جائیگی، شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ امن دشمن جان لیں جب تک ہم ان کا مکمل خاتمہ نہیں کر لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہداء کے لواحقین کے بلند حوصلے دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔

لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پولیس شہیداء کے لواحقین کے پیکج میں اضافے کے لئے آئی جی پولیس کو ہدایت جاری کردی ہے ، بدھ کوان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ایس ایس پی حامد شکیل کی رہائش گاہ پر شہید کے صاحبزادوں ، بھائی اور دیگر لواحقین سے بات چیت کرے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، سردار درمحمد ناصر، میر محمد خان لہڑی، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، کمشنر کوئٹہ امجد خان اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے تعزیت اور ہمدری کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہید کے صاحبزادوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں سے ان کے والد اور دیگر شہداء کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ لواحقین کی بھر پورداد رسی کی جائے گی جس کے لئے انہوں نے آئی جی پولیس کو پولیس شہداء کے پیکج اور مراعات میں اضافے کی سمری تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ شہید ایس ایس پی کی سرکاری رہائش گاہ لواحقین کے زیر استعمال رہے گی اور پالیسی کے مطابق شہید کے صاحبزادے کو پولیس میں ملازمت فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :